ڈی جی خان، مالی معاملات کی بہتر ا نجام دہی کیلئے پیشہ وارانہ تربیتی کورسز اہم کردارادا کرتے ہیں،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 12 اکتوبر 2017 23:27

ڈی جی خان۔12 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم نے کہا ہے کہ مالی معاملات کی بہتر طو رپر ا نجام دہی کیلئے پیشہ وارانہ تربیتی کورسز اہم کردارادا کرتے ہیں ․ تربیتی ورکشاپس کا سلسلہ جاری رہنا چاہیئے تاکہ افسران کو شفاف طریقے سے کنٹریکٹ ایوارڈز ، مشینری ، آلات اور دیگر سامان کی خریداری اور پیپرا قوانین سے متعلق آگاہی ملتی رہے ․ انہوںنے ان خیالات کااظہار نیب اور پنجاب پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے زیر اہتمام علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں آگاہی تربیتی ورکشاپ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ․ تربیتی ورکشاپ میں ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی قیصر عباس کاظمی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس سرفراز مگسی ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ سہیل روف ، اسسٹنٹ کمشنرز عبدالجبار ، شاہد عباس کاٹھیہ ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد ، ڈاکٹر توصیف طاہر ، سید اعجاز بخاری سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے ․ تربیتی ورکشاپ کے دوران نیب کی طرف سے ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم اور ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ سہیل روف کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی․