انسانی جانوں سے کھیلنے والے ڈاکٹرز اور حکیموں کے خلاف ضلع بھر میں موثر کریک ڈاون کیا جائے ،ڈپٹی کمشنرڈی جی خان

جمعرات 12 اکتوبر 2017 23:27

ڈی جی خان۔12 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان اللہ رکھا انجم نے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں سے کھیلنے والے ڈاکٹرز اور حکیموں کے خلاف ضلع بھر میں موثر کریک ڈاون کیا جائے ․ محکمہ صحت کے حکام کارروائی کے دوران کسی دبائو یا سفارش کو خاطر میں نہ لائیں ․ انہوں نے یہ ہدایات ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں ․ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد سکھانی ، ڈویژنل ڈرگ کنٹرولر ذوالفقار احمد گوپانگ ، سیکرٹری فیصل محمود ، محمد شاکر صدیقی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ․ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ طب کے نام پر کسی کو موت کا کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ایسے کاروباری مراکز سیل کر کے مقدمات درج کرائے جائیں․ اجلاس میں کل 24کیس پیش کیے گئے جن میں 16نئے کیس اور صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کی طرف سے بھجوائے گئے 9 کیس شامل ہیں․ ڈپٹی کمشنر نے سماعت کرتے ہوئے بغیر لائسنس میڈیکل سٹور و کلینک چلانے ، ممنوعہ ، زائد المعیاد ادویات رکھنے پر 19افراد کے کیس مزید کارروائی کیلئے ڈرگ کورٹ بھجوانے کے احکامات جاری کیے جبکہ باقی کو وارننگ اور کاغذات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ․