ڈپٹی کمشنر گجرات کا ٹی ایچ کیو ہسپتال کھاریاں کا دورہ ، مختلف حصوں کا معائنہ کیا

مریضوں اورلواحقین سے ڈاکٹرز،طبی عملہ کے رویہ و دیگر سہولیات بارے دریافت کیا

جمعرات 12 اکتوبر 2017 23:27

لالہ موسیٰ۔12 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر گجرات محمد علی رندھاوا نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کھاریاں کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا ،انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ڈاکٹرز و طبی عملہ کے رویہ، ادویات کی فراہمی و دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، اس موقع پر اے سی کھاریاں اویس منظور تارڑ ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری محمد اصغر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عابد غوری اور ایم ایس ڈاکٹر فاروق بنگش بھی ان کے ہمراہ تھے ، ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو کھاریاں کے ایمرجنسی وارڈ، میڈیکل ، ڈرگ سٹور، لیبارٹری اور دیگر شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا ،انہوں نے ہسپتال میں ڈاکٹرز کی ٹی بریک ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی کے اوقات میں ڈاکٹر زکو اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دینا ہونگے ،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہسپتال میں 2 پرچی کاؤنٹر کی جگہ پر 3 مزید کاؤنٹرز جلد بنائے جایں تا کہ مریضوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ، انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں موجود ادویات کی لسٹ مناسب جگہ پر آویزاں کی جائے نیز ڈاکٹرز کو بھی تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ وہ مریضوں کو باہر سے ادویات تجویز نہ کریں، اسی طرح پرچی کاؤنٹر پربزرگ، سپشل افراد اور لاغر مریضوں کیلئے ترجیحی بنیادو ں پر پرچی کے اجراء کا نظام نافذ کیا جائے ۔