امریکی وفد کا دفتر خارجہ کا دورہ، دونوں ممالک کا باہمی دلچسپی کے تمام امور پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق

پاکستان نے امریکی وفد کو پاکستانی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں ،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم سے آگاہ کیا

جمعرات 12 اکتوبر 2017 23:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) پاکستان اور امریکہ نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ پاکستان نے امریکی وفد کو پاکستانی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم سے آگاہ کیا ہے۔ جمعرات کو امریکی وفد نے دفترخارجہ کا دورہ کیا جہاں انہیں پاکستانی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔

امریکی وفد کی قیادت امریکی صدر کی نائب معاون جنوبی ایشیا لیزا کرٹس نے کی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کی۔امریکی وفد میں قائم مقام نائب امریکی وزیرخارجہ ایلس ویلز اور قائم مقام وزیردفاع بھی وفد میں شامل تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاکستان اور امریکہ نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر بات چیت جاری رکھنے پراتفاق کیا اور افغانستان میں امریکی پالیسی کے تناظرمیں تعلقات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

امریکی وفد کو پاکستانی سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں سے ،سرحد پارسے ہونیوالے مسلسل حملوں پرتشویش اور مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کے مظالم سے آگاہ کیا گیا۔پاکستان نے افغان قیادت میں افغان مسئلے کے مذاکرات سے حل کے موقف کا اعادہ کیا ۔سیکرٹری خارجہ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغان مسئلے کے پرامن حل، علاقائی و دوطرفہ میکانزم کا حصہ رہے گا۔