لاہور پریس کلب کے باہر سول سوسائٹی سرکل کے ارکان کی بڑی تعداد نے اقوام متحدہ کی جانب سے سعودی عسکری اتحاد کو بلیک لسٹ کرنے کے خلاف پرجوش مظاہرہ

جمعرات 12 اکتوبر 2017 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2017ء) لاہور پریس کلب کے باہر سول سوسائٹی سرکل کے ارکان کی بڑی تعداد نے اقوام متحدہ کی جانب سے سعودی عسکری اتحاد کو بلیک لسٹ کرنے کے خلاف پرجوش مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی ۔مظاہرین نے اس موقع پر پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر سعودی عرب سے یکجہتی اور اقوام متحدہ کی کھلی دوغلی پالیسیوں کے خلاف نعرے درج تھے جن میں اقوام متحدہ کے اقدام کی شدید مذمت کی گئی۔

اس موقع پر سول سائٹی ارکان ،سماجی نمائندوں اور وکلاء رہنمائوں،جمیل فیضی، علی عمران شاہین، ڈاکٹر شاہد نصیر،حافظ مسعود ،اسلم خان و دیگر نے خطاب کیا ۔مقررین نے کہا کہ اقوام متحدہ نے سعودی عسکری اتحاد کوبلیک لسٹ کر کے کھلی دہشت گردی کا ثبوت دیا ہے ۔

(جاری ہے)

دنیا میں بچوں سب سے زیادہ قتل عام شام،برما ،افغانستان،عراق اور مقبوضہ کشمیر میں ہو رہا ہے لیکن اقوام متحدہ نے ان ملکوں میں سالہا سال سے خون بہانے اور بچوں کوبڑے پیمانے پر قتل کرنے کے باوجود کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔

یمن کی آزادی کے لئے مصروف عمل سعودی فوجی اتحا د اپنی کارروائیوں میں بچوں اور عام آبادی کے بچانے کئے سب سے زیادہ احتیاط برتتا ہے اور اب تک کے ان سارے ایکشنز اس کی دلیل ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اقوام متحدہ کے مسلمانوں کے لئے ہر جگہ معیار الگ ہیں اور یہی ناانصافی دنیامیں بد امنی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ فوری طور پر سعودی عسکری اتحاد کے خلاف اقدام واپس لے ۔عالم اسلام اپنے عسکری اتحاد کو صحیح معنوں میں فعال کرے تاکہ مسلم امہ غیروں کی جانب نہ دیکھے اور اپنے مسائل خود حل کر سکے۔