کمالیہ ،مبینہ طور پر خسرہ کی ناقص ویکسین کے باعث تین بچے جاں بحق ،دس بچوں کی حالت غیر ہو گئی

ڈی سی نے بچوںکی ہلاکت کے بعد ضلع بھر میں خسرہ ویکسی نیشن تاحکم ثانی بند کرنے کا حکم دیدیا

جمعرات 12 اکتوبر 2017 22:45

کمالیہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) کمالیہ کے نواحی گائوں میں مبینہ طور پر خسرہ کی ناقص ویکسین کے باعث تین بچے جاں بحق جبکہ دس بچوں کی حالت غیر ہو گئی ۔نجی ٹی وی کے مطابق کمالیہ کے نواحی گائوں 262 گ ب میں محکمہ صحت کی جانب سے خسرہ کی بیماری سے بچا ئوکی ویکیسن پلائی گئی، ویکسین پلانے کے عمل کے دوران 12بچوں کی حالت غیر ہوگئی جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال پہنچایا گیا۔

اس دوران دو کمسن بچے حفصہ ناصر اور عینا جاں بحق ہوگئی جبکہ چار بچوں کی تشویشناک حالت کے باعث طبی امداد دی جارہی تھی کہ اس دوران مزید ایک اور بچی جاں بحق ہوگئی۔ویکسین کے باعث بچوں کی ہلاکت پر اہل علاقہ نے حکومت کیخلاف شدید احتجاج کیا اور نعرہ بازی کی۔لواحقین کا کہنا ہے کہ زائد المیعاد ویکسین پلانے کے باعث بچوں کی موت واقع ہوئی ہے، اس میں غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف فوری کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

واقعہ کا علم ہونے پر پولیس محکمہ صحت کی ٹیمیںمتاثرہ گائوں پہنچی ، اس موقع پر ڈی سی نے بچوںکی ہلاکت کے بعد ضلع بھر میں خسرہ ویکسی نیشن تاحکم ثانی بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ واقعے کی شفاف انکوائری کرائی جائے گی ۔دوسری جانب ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے بعد ہسپتالوں میں ویکسین کی چیکنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :