امریکہ کا یونیسکو پر اسرائیل مخالف ہونے کا الزام، تنظیم کی رکنیت سے دستبرداری کا اعلان کردیا

یونیسکو میں بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے ، جلد ایک مبصر مشن تشکیل دیا جائیگا جو تنظیم میں امریکہ کی نمائندگی کریگا، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

جمعرات 12 اکتوبر 2017 22:44

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) امریکہ نے اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) پر اسرائیل مخالف ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے تنظیم کی رکنیت سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکہ نے کہا ہے کہ یونیسکو اسرائیل کے معاملے پر جانبداری کا مظاہرہ کررہا ہے جس کی وجہ سے امریکہ تنظیم کی رکنیت سے دستبردار ہوگیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ جلد ایک مبصر مشن تشکیل دیا جائیگاجو یونیسکو میں امریکہ کی نمائندگی کرے گا۔ہیتھر نوریٹ نے کہا کہ امریکہ نے یونیسکو کی سبکدوش ہونیوالی ڈائریکٹر جنرل ایرینا بوکووا کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے یہ فیصلہ بہت غور و فکر کے بعد لیا ہے ، انہوں نے کہا کہ یونیسکو میں بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ یونیسکو کو اسرائیل کیخلاف متعصبانہ رویہ بھی ختم کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

محکمہ خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ امریکہ نے یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل کو اس بات سے آگاہ کردیا ہے کہ وہ غیر رکن مبصر ریاست کی حیثیت سے تنظیم کیساتھ اہم معاملات میں تعاون جاری رکھے گا جن میں عالمی ورثوں کا تحفظ، آزادی اظہار رائے اور علم و سائنس کا فروغ شامل ہیں۔