فیصل صالح حیات پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر نہیں رہے، فیڈریشن نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، وہ کمیشن کھاتے رہے اور فیفا سے غلط بیانیاں کرتے رہے، نیشنل کوچز کے پیسوں میں بھی بے پناہ کرپشن کی گئی

سابق سیکرٹری جنرل پاکستان فٹ بال فیڈریشن حافظ سلیمان بٹ کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 12 اکتوبر 2017 22:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2017ء) سابق سیکرٹری جنرل پاکستان فٹ بال فیڈریشن و سابق رکن قومی اسمبلی حافظ سلیمان بٹ نے کہا ہے فیصل صالح حیات پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر نہیں رہے، فیڈریشن نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایک مقامی ہوٹل میں اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سلیم چوہدری اور جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ سابق صدر پاکستان پرویز مشرف نے فیصل صالح حیات کو پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا صدر بنایا تھا وہ 12 سال تک فیڈریشن کا حصہ رہے اور مختلف چینلز پر آکر فیفا کے معاملے کو اینگل دینے کو شش کی، فیڈریشن نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، کمیشن کھاتے رہے اور فیفا سے غلط بیانیاں کرتے رہے، انہوں نے کہا کہ نیشنل کوچز کے پیسوں میں بھی بے پناہ کرپشن کی گئی،2014 ء میںبرازیل میں کھیلے گئے عالمی کپ میں شرکت کے لئے فیفا سے آئے 84 ٹکٹس کے پیسوں تک کو کرپشن کی بھینٹ چڑھا دیئے گئے اور امریکن نیشنلٹی کو ٹکٹس بلیک میںفروخت کر دیئے گئے انہوں نے کہا کہ فیفا کی جانب سے 7 گول پراجیکٹس ملے تھے جن میںکراچی ، جیک آباد، کوئٹہ، ایبٹ آباد، خانیوال، پشاور، لاہور شامل ہیں ان میں سے ایک گول پراجیکٹ لاہور مکمل ہوا، باقی تمام ابھی تک نامکمل ہیں، فیفا کے پیسوں اور حکومت کی زمین کا ضیاع ہوا ہے ، انہوں نے کہا کہ جھنگ میں گھوسٹ سٹیڈیم کے لئے پیسے مانگے گئے، چھ کروڑ روپے آئے اگر عدالت اکائونٹ سیز نہ کرتی تو یہ لوگ وہ پیسے کھا جاتے، فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو نیا آئین بنانے کے لئے دو سال کا وقت دیا تھا، فیصل صالح حیات 2015ء سے 2017 ء تک نیا آئین نہ بنا سکے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کا فٹ بال سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ان کو ان معاملات میں نہیں گھسیٹنا چاہیے، معطلی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی گذشتہ دو برس سے انٹرنیشنل دورے نہیں کر رہے ، اب تو فیصل صالح حیات سیمت فیڈریشن کے عہدیداروں اور کوچز پر غیرملکی دوروں پر پابندی لگی ہے ، ان دوروں پر کروڑوں روپے خرچ کئے جاتے تھے، ایک سوال کے جواب میں سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ 24 میں سے 17 ووٹ ہمارے ساتھ تھے، فیصل صالح حیات نے شانگلہ گلی میں الیکشن کروا کر عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کی،انہوں نے مزید کہا کہ فیفا کوکمیٹی بنا کر نئے انتخابات کروانے چاہئیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی جلد بننی چاہئے ،انہوں نے فیفا کے اس مطالبے کی پرزور تائید کی کہ فٹ بال ہائوس کوفٹ بال کے حقیقی نمائندوں کے سپرد کر دیا جائے۔