بھارت نے کشمیری عوام کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں، سیدعلی گیلانی

بھارتی فوج کی جانب سے معروف ادیب اور عالم دین الطاف حسین ندوی کے گھر پر چھاپہ اور توڑپھوڑ قابل مذمت ہے، بیان

جمعرات 12 اکتوبر 2017 21:28

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہاہے کہ بھارت نے کشمیری عوام کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے معروف ادیب اور عالم دین الطاف حسین ندوی کے گھر پر چھاپے اور توڑپھوڑ کی شدید مذمت کی ۔

انہوںنے بھارتی فورسز کی غنڈہ گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فورسزکو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نہتے کشمیریوں پر بدترین ظلم و تشدد اور انکے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔انہوںنے چھاپے کے دوران لوٹ مار اور معمر خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی شدیدمذمت کی ۔ حریت چیئرمین نے کہاکہ الطاف ندوی ایک ادیب اور دانشور ہیں اور انہوںنے اپنی تحریروں میں ہمیشہ قابض فورسز کی مخالف کی ہے اور انکے مذموم عزائم اور نہتے کشمیریوں پر انکے مظالم کو بے نقاب کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارتی فورسز اور قابض انتظامیہ انہیںانتقامی کارروائی کا نشانہ بنارہے ہیں ۔ سیدعلی گیلانی نے کہاکہ تمام تر مظالم کے باوجود ادیب اور دانشور مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرتے رہیں گے ۔ ادھر حریت کانفرنس کے ترجمان نے ایک بیان میں سیدعلی گیلانی اور دیگر حریت رہنمائوں میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی مسلسل گھر میں نظربندی کی شدید مذمت کی ہے ۔