حریت رہنمائوں اور تنظیموں کا شہید کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت

کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں جو تحریک آزادی کشمیر کا گرانقدر اثاثہ ہیں مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کو پورے خطے کے دائمی امن اور استحکام کیلئے ناگزیر سمجھا جارہا ہے، ترجمان حریت فورم

جمعرات 12 اکتوبر 2017 21:28

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) مقبوضہ کشمیرمیںحریت رہنمائوں اور تنظیموں نے گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شوپیاں اور حاجن میں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم کے ترجمان نے ایک بیان میں گتی پورہ کیلر شوپیاں میں زاہد احمد میر ، عرفان عبداللہ گنائی ، آصف احمد پال اورحاجن میں ابو بکر اور نصر اللہ میر کو ان کی عظیم شہادت پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ یہ قربانیاں تحریک آزادی کشمیر کا گرانقدر اثاثہ ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ انہی قربانیوں کی بدولت مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مرکز نگاہ بن چکا ہے اور اس مسئلہ کے منصفانہ حل کو پورے خطے کے دائمی امن اور استحکام کیلئے ناگزیر سمجھا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے میرواعظ محمد عمر فاروق کی مسلسل گھرمیں نظربندی کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ میر واعظ کی گھر میں نظربندی اور انکی دینی و سیاسی سرگرمیوں پر قدغنیں عائد کرنا کٹھ پتلی انتظامیہ کا معمول بن گیا ہے۔

حریت رہنماء بلال صدیقی نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کر رہے ہیں ۔انہوں نے کاٹھوہالن اور ہیف شوپیان میںتعزیتی مجالس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں خونریزی روکنے اورنہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا سلسلہ بند کرانے کیلئے تنازعہ کشمیر کے تمام فریقوں کو اس دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے خلوص دل اور کھلے ذہن سے عوامی رائے کا احترام کرتے ہوئے سیاسی اقدامات کرنے چاہئیں۔

دختران ملت اور جموںوکشمیر مسلم لیگ نے اپنے بیانات میں شہیدنوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان معصوموں کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور انکی قربانیوں کو ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیا جائیگا۔مسلم لیگ کے رہنمائوں محمد امین ڈار اور خورشید احمد ڈار پر مشتمل ایک وفد نے ہف شوپیان جاکر عرفان عبداللہ کے جنازے میں شرکت کی۔ پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے ایک بیان میںحاجن بانڈی پورہ میں شہید ہونیوالے نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوںنے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہی تحریک آزادی کشمیر ایک فیصلہ کن مرحلے پر کھڑی ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر بنتا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :