لاہور، رائے ونڈ کے لیے 50کروڑ کی کثیر لاگت سے تیار ہونے والی واٹر سپلائی پراجیکٹ مٹی کے ڈھیر میں تبدیل

مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی

جمعرات 12 اکتوبر 2017 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی صدر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے رائے ونڈ کے شہریوں کے لیے 50کروڑ کی کثیر لاگت سے تیار ہونے والی واٹر سپلائی پراجیکٹ مٹی کے ڈھیر میں تبدیل ہونے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ۔انہوںنے کہا کہ رائے ونڈ واٹر سپلائی سکیم کی کروڑوں روپے سے بننے والی پانی کی ٹینکیاںچل نہ سکیں ۔

محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کی مجرمانہ غفلت سے رائے ونڈ کی آبادی کے دو لاکھ افراد پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں ۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ رائے ونڈ شہر میں واٹر سپلائی کے انتہائی غیر معیاری منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں آسکا۔

(جاری ہے)

سرکاری نلوں میں پانی کے ساتھ غلاظت کے ذرات آتے ہیں جس کے باعث شہری اس پانی سے وضو تک نہیں کرپاتے ،مجبوراً نہری پانی فروخت کرنے والے رکشوں سے 30روپے فی کین پانی خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ غریب عوام کھار ا زمینی پانی پینے سے مختلف امراض کا شکار ہورہے ہیںانہوںنے کہا کہ کثیر لاگت سے تیار ہونے والی واٹر سپلائی سکیم کے باوجود رائے ونڈ کے شہری صاف پانی سے محروم ہیں اس لیے ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف رپورٹ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پیش کی جائے ۔