محکمہ ہیلتھ اورانتظامیہ کی جانب سے مچھر مار اسپرے مہم شروع نہ کرنے کے سبب شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں، صدر انجمن تاجران و دکانداران

جمعرات 12 اکتوبر 2017 21:18

پتوکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2017ء) صدر انجمن تاجران ودو کانداران شیخ محمد سعید،ڈیفنس آف ہیو مین رائٹس سو سائٹی کے جنر ل سیکر ٹری محمد نوید ،مسلم لیگ ن لائر و نگ کے تحصیل صدر راجہ رستم ظہیر گو ند ل و دیگر نے شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں میں مچھروں کی بہتات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ ہیلتھ اورانتظامیہ کی جانب سے مچھر مار اسپرے مہم شروع نہ کرنے کے سبب شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں، گند و کچرے کے ڈھیر اور گندے پانی کے بننے والے جوہڑوں میں مچھروں کی افزائش نسل ہورہی ہے، مچھروں کے کاٹنے سے شہری مختلف امراض کا شکار ہورہے ہیں مگر انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں شہریوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیامذ یدشیخ محمد سعیدنے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی گنجان آبادی والے علاقوں میں مچھروں کی بہتات ہے بالخصوص وہ علاقے جہاں پر گند و کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، ان علاقوں میں مچھروں کی افزائش نسل ہورہی ہے مچھروں کے کاٹنے کے باعث مرد و خواتین، بچے، ضعیف العمر افراد اور خواتین بخار، کھانسی، نزلہ زکام سمیت دیگر امراض میں مبتلا ہورہے ہیں اور سرکاری و نجی اسپتالوں کے ساتھ ساتھ گلی و محلوں میں واقع کلینکوں پر علاج کرارہے ہیں۔

(جاری ہے)

مچھروں کی بہتات کے باعث شہریں راتیں جاگ کر گزارنے پر بھی مجبور ہوگئے ہیں کیونکہ شہر کے مختلف علاقوں میں رات کے وقت میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث مچھروں کے کاٹنے سے شہریوں کی نیند اڑ جاتی ہے اور جب تک بجلی نہیں آتی اس وقت تک شہری جاگتے رہتے ہیں۔ متاثر ین نے ڈی سی قصور سارہ عمر، اے سی انعم زید اور چیئر مین بلد یہ عمران بٹ سے اپیل کی کہ شہر بھر کے تمام علاقوںمیں فوری طور پر مچھر مار اسپرے مہم شروع کرائی جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی واقع ہوسکے۔