ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کا غیر معمولی اجلا س تمام مارکیٹوں کے نمائندوں کی شرکت

اسمبلی سے فوری طور پر کرایہ داری کا ترمیمی بل پاس کرایا جائے۔ ٹریڈرز ایکشن کمیٹی وزیر اعظم اسلام آباد میں ہونے والی بے دخلیاں بند کرائیں ۔ اجمل بلوچ

جمعرات 12 اکتوبر 2017 21:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2017ء) مرکزی انجمن تاجران پاکستان اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ کی صدارت میں اسلام آباد کی مارکیٹوں کے نمائندوں کے عہدیداران کا غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا جس میں تقریباً تمام مارکیٹوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ ایک قرارداد میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر اسمبلی کے فلور پر موجود قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل پاس کرانے اور تاوقتیہکہ بے دخلیوں پر پابندی لگانے کے احکامات جاری کریں۔

ایک دوسری قرارداد میں سی ڈی اے سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تجاوزات کے خاتمہ کے لئے اقدامات متعلقہ مارکیٹ یونین کو اعتماد میں لے کر کریں۔ اجمل بلوچ نے اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کا ذمہ دار سی ڈی اے خود ہے اور اس کے اہلکار ملوث ہیں تاجر کسی بھی صورت میں تجاوزات کے حق میں نہیں لیکن تاجروں کے نقصان بھی نہیں ہونے دیں گے ۔

(جاری ہے)

کسی بھی ایکشن سے قبل متعلقہ مارکیٹ کی یونین کو اعتماد میں لیں زبردستی کی صورت میں حالات کا ذمہ دار سی ڈی اے ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ چیئرمین شیخ عنصر عزیز کا تعلق بھی پرائیویٹ سیکٹر سے ہے لیکن بیوروکریسی ان کی نہیں سنتی ۔ ٹریڈ اور بورڈ لائسنس کے نام پر تاجروں سے زیادتی کی جارہی ہے اور مجسٹریٹ نے بھی اپنی چھریاں تیز کی ہوئی ہیں جبکہ چالان ملنے پر سودے بازی کی جاتی ہے اور جرمانے قانون سے تجاوز کرتے ہیں۔

اشیائے خورد نوش کے ٹریڈ لائسنس کے علاوہ کسی کا بھی لائسنس نوٹس غیرقانونی ہے ، ڈی ایم اے فوری طور پر واپس لیں۔ ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کے سیکرٹری خالد چوہدری اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر نوید ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اور آئی سی سی آئی ایک پیچ پر ہیں اور تاجروں کے مفاد اور مسائل میں اجمل بلوچ کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔

اسمبلی میں موجود قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل آخری مراحل میں ہے میاں عبدالمنان کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اسمبلی میں بل پیش کیا۔ ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ستارہ مارکیٹ کے صدر الطاف شاہ اور بلیو ایریا کے صدر یوسف راجپوت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اب قانون کرایہ داری کے نفاذ کے لئے احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے اور آئندہ اسلام آباد میں کوئی بھی بے دخلی نہ ہونے دیںگے۔

انہوں نے سی ڈی اے سے اپیل کی کہ وہ مارکیٹوں کو کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے روکیں اور فوری طور پر ترقیاتی کام کرائیں ایسا نہ ہو کہ تاجر سی ڈی اے کے خلاف احتجاج پر مجبور ہوجائیں۔ اجمل بلوچ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ وہ اگلے ہفتہ سے مارکیٹوں کا دورہ شروع کریںگے تاکہ تاجروں میں اپنے حقوق کی آگاہی پیدا کی جائے۔اجلاس میں خالد چوہدری ، نوید ملک ، الطاف شاہ ، خرم اقبال ، خالد معراج ، چوہدری اشرف فرزند ، طاہر عباسی ، شہزاد عباسی ، عابد خان ، مہراللہ داد ، مہتاب عباسی ، یوسف راجپوت ، احمد خان، کامران کامل ، عمار عارف ، ڈاکٹر سعید ، چوہدری وسیم ، ظفر اقبال گجر ، اظہر عباسی، جمیل خان مروت، راجہ ذوالفقار ، شفیق عباسی ، چوہدری عرفان ، ارشد عباسی ، امین پیرزادہ، عبدالرحمان صدیقی ، فصیح الدین ،محمد الیاس ، چوہدری ریاست ،امانت تارڑ ، ظاہر عباسی ، عبدالغفور ، وقار عباسی ، زاہد بٹ، راجہ قمر ، بلال خان ، فرخ خان، ساجد عباسی ، سردار طفیل ، احسن ضیاء ، عثمان حفیظ ، سید امین، عارف یار، سعید ارمان، مظہر جاوید ، عبدالحمید عباسی ، اسلم خان ، چوہدری فیاض ، اعجاز سلطان ، فرخ خان، محمد امجد ، محمد نعیم خان ، امداد آکاش اور دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :