ہنڈا کی نئی موٹر سائیکلوں کی کراچی کی بلیک مارکیٹ میں فروخت

جمعرات 12 اکتوبر 2017 21:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2017ء) ایٹلس ہنڈا لیمیٹڈ کی ریکارڈ پیدوار کے باوجود شہرِ قائد میں موجود کمپنی کے مجاز ڈیلرز گزشتہ ڈھائی برس سے موٹر سائیکل صارفین سے نئی 70 سی سی اور 125 سی سی بائیک خریدنے کے لیے اضافی پریمیم وصول کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں اکبر روڈ پر موجود ہنڈا شوروم مالکان کے پاس ڈسپلے پر موٹر سائیکلیں موجود ہیں تاہم وہ صارفین کو فوری طور پر فروخت کرنے کے لیے نہیں۔

مذکورہ ڈیلرز کی جانب سے نئی موٹر سائیکل کی فروخت کے لیے ایڈوانس بکنگ کی جارہی ہے جبکہ موٹر سائیکل کی ڈیلوری میں 15 سے 30 دن کا عرصہ لگایا جارہا ہے اس کے علاوہ موٹر سائیکل کی ڈیلوری پر اضافی رقم بھی وصول کی جارہی ہے۔تاہم اکبر روڈ پر موٹر سائیل کی سب سے بڑی مارکیٹ میں موجود کچھ ڈیلرز یہ کہتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں کہ ان کے پاس کمپنی کے ان دونوں ماڈلز کا اسٹاک موجود نہیں ہے جبکہ ایڈوانس رقم لینے سے بھی انکار کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ کمپنی انہیں محدود اسٹاک فراہم کر رہی ہے لہذا اس بڑھتی ہوئی طلب کو پورا نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

اسی مارکیٹ میں ہنڈا کے کچھ مجاز ڈیلرز نے موٹر سائیکل کی فروخت کے لیے بلیک مارکیٹنگ کا سہارا لیا ہوا ہے اور یہ ڈیلرز نئی ہنڈا 125 سی سی موٹر سائیکل کے لیے 4500 روپے رجسٹریشن اور ٹیکس کے ساتھ 1 لاکھ 20 ہزار سے 1 لاکھ 21 ہزار تک کی مانگ کی جارہی ہے جبکہ اسی موٹر سائیکل کی اصل قیمت بمعہ ٹیکس اور رجسٹریشن 1 لاکھ 11 ہزار روپے ہے۔بالکل اسی طرح مارکیٹ میں نئی 70 سی سی موٹر سائیکل کے لیے 4000 روپے رجسٹریشن اور ٹیکس کے ساتھ 70 ہزار سے 72 ہزار روپے کی مانگ کی جارہی ہے جبکہ اسی موٹر سائیکل کی اصل قیمت بشمول ٹیکس اور رجسٹریشن 67 ہزار 500 روپے مقرر ہے۔۔

متعلقہ عنوان :