تاجر برادری جنرل قمر جاوید باجوہ کے اکنامک وژن کی حمایت کرتی ہے، شاہد رشید بٹ

آرمی چیف کی جانب سے معاشی استحکام کی اہمیت اجاگر کی گئی،فوج کی مسلسل حمایت سی پیک کی بروقت تکمیل کی ضامن ہے، سرپرست اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز

جمعرات 12 اکتوبر 2017 21:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2017ء) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے معیشت کی اہمیت اجاگر کرنے، ملکی سلامتی اور معیشت کو منسلک کرنے اور پاکستان کی شہہ رگ کراچی کو ہر قیمت پر محفوظ رکھنے کے عزم پر ملک بھر کی تاجر برادری انکی شکر گزار ہے اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتی ہے۔

آرمی چیف کے بقول تجارتی عدم توازن کو ختم کرنے کیلئے ٹیکس کی آمدنی میں اضافہ بھی ضروری ہے جس میںتاجر حکومت سے ہرممکن تعاون کریں گے۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ جنرل باجوہ کے بیان سے ثابت ہوا کہ فوج نے اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ ملک کے معاشی حالات پر بھی گہرہ نظر رکھی ہوئی ہے جو خوش آئند ہے اوراب امن و امان، صحت، تعلیم، معیشت، سیاست، سماجی، انسانی و ماحولیاتی عوام قدمی سلامتی کا حصہ ہیں جن کی جانب اب پہلے سے زیادہ توجہ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

آرمی چیف کا یہ کہنا درست ہے کہ ملکی معیشت نے ترقی کی ہے مگر ساتھ ہی قرضوں میں بھی اضافہ ہواہے جبکہ عام آدمی کی فلاح کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ انھوں نے درست کہا ہے کہ پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ٹیکس کی بنیاد میں وسعت، مالیاتی ڈسپلن اور اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل یقینی بنانا ہو گا۔ کاروباری برادری بری افواج کے سربراہ کے وژن سے پوری طرح متفق ہیں اور سی پیک پر انکی مسلسل حمایت پر انکے شکر گزار ہیں کیونکہ یہ منصوبہ پاکستان کی معیشت کیلئے انتہائی اہم ہے اور اس سلسلہ میں امریکہ اور بھارت کے تحفظات کو مسترد کرنا ملکی مفاد کے مطابق ہے۔

شاہد رشید بٹ نے کہا کہ کراچی پاکستانی معیشت کی شہہ رگ ہے جہاں کے حالات کا ملک کے ہر حصہ پر اثر پڑتا ہے۔ کراچی کو کافی حد تک پر امن بنا دیا گیا ہے مگر ابھی کچھ کام باقی ہے۔ کراچی کے حالات بہتر بنائے بغیر ملکی معیشت میں بہتری لانا نا ممکن ہے۔ ۔