تھرڈ رینکنگ اسنوکر چمپئن شپ کل سے کراچی میں ہوگی

چمپئن شپ میں ملک بھر سے ٹاپ 24 رینکنگ اور چار نیشنل جونیئر کھلاڑی شرکت کریں گے

جمعرات 12 اکتوبر 2017 21:05

تھرڈ رینکنگ اسنوکر چمپئن شپ کل سے کراچی میں ہوگی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2017ء) پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسو سی ایشن کے صدر منور حسین شیخ نے کہا ہے کہ جوبلی انشورنس تھرڈ رینکنگ اسنوکر چمپئن شپ 13 اکتوبر سے کراچی جیم خانہ میں شروع ہوگی۔چمپئن شپ میں ملک بھر سے ٹاپ 24 رینکنگ اور چار نیشنل جونیئر کھلاڑی شرکت کریں گے، چمپئن شپ کے بعد رینکنگ کے نمبر ون اور نمبر ٹو کھلاڑی دوہا میں ہونے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

کراچی جیم خانہ میں پریس بریفنگ منور حسین شیخ کے مطابق چمپئن شپ میں حصہ لینے والے 28 کھلاڑیوں کو چار گروپس میں تقسیم کیا جائیگا ، فائنل 20 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ بابر مسیح اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔کوالیفائنگ رائونڈ بیسٹ آف سیون فریمز، کوارٹر فائنل بیسٹ آف نائن، سیمی فائنل بیسٹ آف الیون اور فائنل بیسٹ آف ففٹی فریمز پر مشتمل ہوگا۔

(جاری ہے)

پریس بریفنگ کے موقع پر پی بی ایس اے کے کو چیئرمین عالمگیر شیخ، سینئر نائب صدر جاوید کریم، جوبلی انشورنس کے سید عثمان قیصر، اظہر ارشد اور دیگر موجود تھے۔چمپئن شپ کی انعامی رقم ایک لاکھ 65 ہزار روپے رکھی گئی ہے ، فاتح کھلاڑی کو خوبصورت ٹرافی اور 70 ہزار روپے جبکہ رنرز اپ کو 40 ہزار روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ سیمی فائنلسٹ کو تیس تیس ہزار روپے، کوارٹر فائنلسٹ کو بیس بیس ہزار اور سب سے بڑا بریک کھیلنے والے کو پانچ ہزار روپے دیئے جائیں گے۔۔

متعلقہ عنوان :