آئرلینڈ ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو پاکستان کیخلاف کرے گا

آئندہ سال اپریل یا مئی میں مقابلے کا ڈبلن میزبان ہوگا، 4روزہ میچ بھی شیڈول کیے جانے کا امکان ہے،دونوں ملکوں کے بورڈز میں بات چیت جاری

جمعرات 12 اکتوبر 2017 20:24

آکلینڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2017ء) آئرلینڈ ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو پاکستان کیخلاف کرے گا،آئندہ سال اپریل یا مئی میں مقابلے کا ڈبلن میزبان ہوگا، 4روزہ میچ بھی شیڈول کیے جانے کا امکان ہے،دونوں ملکوں کے بورڈز میں بات چیت جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق رواں سال کے آغاز میں آئرلینڈ اور افغانستان کو ٹیسٹ اسٹیٹس دیدیا گیا تھا لیکن ابھی تک دونوں کو کوئی میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا، آکلینڈ میں آئی سی سی اجلاس کے دوران پاکستان اور آئرلینڈ کرکٹ بورڈز کے آفیشلز نے آئندہ سال اپریل یا مئی میں ایک میچ کھیلنے کیلیے بات چیت کی ہے،اگرچہ تاحال اس مقابلے کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی لیکن قوی امکان ہے کہ آئرش ٹیم اپنی ٹیسٹ تاریخ کا پہلا میچ پاکستان کیخلاف ہوم گرانڈ ڈبلن میں کھیلے گی،گرین کیپس انگلینڈ میں 2 ٹیسٹ کی سیریز سے قبل یا بعد میں آئرلینڈ کا دورہ کرینگے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی 4روزہ ٹیسٹ میچز کا تجربہ کرنا چاہ رہی ہے، ہوسکتا ہے کہ ڈبلن میں بھی ایسا میچ ہی شیڈول کرلیا جائے،میزبان ٹیم ہوم کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کیلیے پریشانیاں پیدا کرسکتی ہے، اپریل میں وہاں درجہ حرارت 8اور مئی میں 11درجے سینٹی گریڈ تک ہوتا ہے، اپنی زیادہ تر کرکٹ امارات کے صحراں کی سخت گرمی میں کھیلنے والے گرین کیپس کو ڈبلن کی کنڈیشنز سے ہم آہنگی میں دشواری پیش آسکتی ہے۔ یاد رہے کہ ورلڈکپ 2007میں اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کرنے والی آئرش ٹیم کے ساتھ پاکستان کی تلخ یادیں وابستہ ہیں۔۔

متعلقہ عنوان :