ایف بی آر کا کراچی میں بینکوں اوربڑے اداروں سے رابطہ،ٹیکس گوشواروں کی مہم کامیاب بنانے کی درخواست

جمعرات 12 اکتوبر 2017 20:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مہم کو کامیاب بنانے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کوٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی طرف راغب کرنے کیلئے کراچی میں قائم بڑے بڑے بینکوں، گیس کمپنیوں اور دیگر سرکاری اور غیر سرکاری اداروں سے رابطہ کیاہے تاکہ ان اداروںکے ملازمین کی ایک بڑی تعداد کو ٹیکس نظام کے دھارے میں لایا جا سکے ۔

ملا قاتوں کا یہ سلسلہ چیئر مین ایف بی آر طارق محمود پا شا کی خصوصی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے جس کے تحت ٹیکس گذاروں سے ملا قات کر کے انہیں ٹیکس نظام میں شامل ہو نے کے فوائد سے آگاہ کر کے انہیں ٹیکس گوشوارے جمع کرانے پر قائل کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں جمعرات کے روز ایف بی آر کے فسلیٹیشن اینڈ ٹیکس پیئرز ایجو کیشن (FATE) ونگ کے ایک وفد نے ممبر فیٹ ایف بی آر محترمہ نوشین جاوید امجد کی قیادت میں کراچی کا دورہ کیا اور حبیب بنک کے قائم مقام صدر اور چیف فنانشل آفیسر ریمنڈ کو ٹوال، میزان بنک کے صدر عرفان صدیقی اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر محمد امین راجپوت سے ان کے دفاتر میں الگ الگ ملا قاتیں کیں اور ان کے اداروں کے ان ملازمین کو ٹیکس نظام کے دھارے میں لانے کے لیے تعاون اور مدد کی پیشکش کی جو قابل ٹیکس ادائیگی آمدنی ہونے کے باوجود ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

نو شین امجد نے ان اداروں کے سربراہان کو بتایا کہ ایف بی آر عوام میں شعور اجاگر کرنے اور ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تعداد میں خاطر خواہ بہتری لانے کیلئے بڑے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں سے رابطہ کررہا ہے اوراس سلسلے اداروں کو ہر قسم کی فنی تربیت اور سہولت فراہم کی جائے گی ۔ملا قاتوں میں اتفاق کیا گیا کہ ایسے تمام ملازمین جن کی سالانہ آمدنی قابل ٹیکس ادائیگی سلیب میں آتی ہے اور ان کی تنخواہ سے پہلے ہی سے ٹیکس کی کٹوتی ہو رہی ہے، کو ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کیلئے قائل کیا جا ئے گا اور اس اہم قومی فریضے کی ادائیگی میں انہیں تمام ترضروری مدد و معاونت فراہم کی جائے گی۔

علاوہ ازیں ایف بی آر کی ٹیم نے ممبر فیٹ محترمہ نو شین جاوید امجد کی قیادت میں پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر عبدلالقاد ر اور دیگر عہدے داروں سے بھی ملاقات کی اور ایف بی آر کی ٹیکس گوشواروں کی مہم کو کا میاب بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور امور پر تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :