Live Updates

جب تک عدالتیں بلاتی رہیں گی ہم عدالتوں میں پیش ہوتے رہیں گے ،ْحنیف عباسی

عمران خان کو اشتہاری ہونے کے باوجودکوئی ہاتھ تک نہیں لگاتا، جس دن عمران خان اور ان کی اے ٹی ایم مشین کیخلاف فیصلہ آئیگا اس دن ملک کے اندر سکون ہو جائیگا ،ْ میڈیا سے گفتگو

جمعرات 12 اکتوبر 2017 20:08

جب تک عدالتیں بلاتی رہیں گی ہم عدالتوں میں پیش ہوتے رہیں گے ،ْحنیف عباسی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے رہنما محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ جب تک عدالتیں بلاتی رہیں گی ہم عدالتوں میں پیش ہوتے رہیں گے ،ْ عمران خان کو اشتہاری ہونے کے باوجودکوئی ہاتھ تک نہیں لگاتا، جس دن عمران خان اور ان کی اے ٹی ایم مشین کے خلاف فیصلہ آئے گا اس دن ملک کے اندر سکون ہو جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کمنٹری سے پیسہ کمایا ہے لیکن مجھے سمجھ نہیں آتی کہ وہ کون سی کمنٹری ہے جس سے اربوں روپے کی پراپرٹی بنائی جاسکتی ہے، اگر ایسا ہے تو رمیز راجا کے پاس بھی ساڑھے چار سو کنال کا گھر ہونا چاہیئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص 2002ء میں اپنی ایک کار اور جوا کھیل کر قرض اتارتا ہے وہ 2013ء اور آج کے اثاثوں میں پونے دو ارب روپے کا اضافہ بتاتا ہے، خان صاحب بتائیں یہ سارا پیسہ کہاں سے آیا ہے، وہ اس کی معزز عدالت میں وضاحت پیش کریں اور اگر نہیں تو پھر بھی بتائیں کہ وہ ارب پتی کیسے بن گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی عدالتوں کے لئے جیل گیا ہے تو ہم سیاسی کارکن گئے ہیں ، عمران خان تو ڈکٹیٹرز کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے اور لوگوں کو جیلوں میں بھجوانے والوں کے ساتھ تھے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ قوم کو ان ساری باتوںکو سمجھنا پڑے گا، جس دن عمران خان اور ان کی اے ٹی ایم مشین کے خلاف فیصلہ آئے گا اس دن ملک کے اندر سکون ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جتنے چور اور ڈاکو تھے وہ اب عمران خان کے اردگرد ہیں کیونکہ عمران خان کو پیسوں کی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ ایک ایسی پٹیشن آ جائے جس میں عمران خان کا بلڈ ٹیسٹ ہو۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :