مدارس کے طلباء کو عصری تعلیم و تربیت کے ذریعے قومی دھارے میں لانے کی حکمت عملی مرتب کر رہے ہیں‘ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور مدارس کے پانچوں وفاق کی قیادت سے مشاورت کا عمل جاری ہے، مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ

جمعرات 12 اکتوبر 2017 20:08

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2017ء) قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ مدارس کے طلباء کو عصری تعلیم و تربیت کے ذریعے قومی دھارے میں لانے کی حکمت عملی مرتب کر رہے ہیں‘ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور مدارس کے پانچوں وفاق کی قیادت سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں مدارس کے طلباء کو قومی دھارے میں لانے کے لئے اصلاحات سے متعلق اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر برائے پیشہ وارانہ تربیت بلیغ الرحمان‘ اتحاد تنظیم المدارس کے سربراہ مفتی منیب الرحمان‘ وفاقی المدارس کے حنیف جالندھری‘ محمد یاسین ظفر‘ مولانا عبدالمالک‘ مولانا نیاز حسین نقوی کے علاوہ وزارت مذہبی امور اور وزارت تعلیم کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ناصر جنجوعہ نے کہا کہ حکومت مدارس کے طلباء کو قومی دھارے میں لانا چاہتی ہے اس کے لئے مداراس میں لازمی مضامین کے ساتھ ساتھ گریجویشن تک تعلیم کا ایک پلان بنایا جارہا ہے‘ آج کا اجلاس بھی مشاورت کا حصہ ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کی جانب سے مدارس کے طلباء کے روشن مستقبل کے لئے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :