کنٹونمنٹ بورڈ حکام تاجروں کے مسائل حل کریں،زاہد لطیف خان

جمعرات 12 اکتوبر 2017 19:53

راولپنڈی 12اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2017ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہد لطیف خان نے کہاہے کہ ضلعی انتظامیہ خاص طور پر کنٹونمنٹ بورڈ کینٹ ایریا میں تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے فوری توجہ دے ، ٹریفک کے بہائو میں رکاوٹ کے باعث کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہیں پارکنگ پلازہ نہ ہونے کی وجہ سے کسٹمر اور دکاندار کو اشیاء کی ترسیل کے لیے سڑک پر طویل انتظار کرنا پڑتا ہے بلڈنگ لاز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے بغیر پارکنگ کے کسی بھی پلازہ کا نقشہ منظور نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنٹونمنٹ ایگزیکٹیو آفیسرڈاکٹر صائمہ شاہ کے ساتھ ملاقات میں کیا ان کے ہمراہ سینئر نائب صدرناصر مرزا، نائب صدر خالد فاروق قاضی ، تاجر راہنما زاہد بختاوری، شیخ حفیظ و دیگر ممبران بھی شامل تھے کنٹونمنٹ ایگزیکٹیو آفیسرڈاکٹر صائمہ شاہ نے چیمبر کے وفد کو یقین دلایا کہ کینٹ کی کاروباری برادری اور مکینوں کو سہولیات فراہم کرنا بورڈ کی اولین ترجیح ہے ، کاروباری برادری کے ساتھ مل کر کینٹ کے ترقیاتی کاموں کو مکمل کیا جائے گا سڑکوں کو کشادہ، پارکوں کی حالت زار بہتر بنانے اور کینٹ کی خوبصورتی کے لئے اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں جس کے نتائج جلد سامنے آئیں گے، انہوں نے راولپنڈی چیمبر کے نو منتخب عہدے داران کوعہد ہ سنبھالنے پر مبارک باد بھی دی اور کہا کہ وہ جلد ہی چیمبر کا دورہ کریں گی اور تاجروں کے اجلاس سے خطاب کریں گی۔