پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے ،سیلز ٹیکس میں اضافے سے متعلق سنگل بنچ کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

جمعرات 12 اکتوبر 2017 19:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے اور سیلز ٹیکس میں اضافے سے متعلق سنگل بنچ کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج۔جسٹس پارٹی کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی واقعی ہوئی لیکن اس کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بجائے مزید اضافہ کردیا گیا۔

(جاری ہے)

حکومت نے قیمتیں کم کرنے کے بجائے سیلز ٹیکس میں 2 فیصد اضافہ کردیا جبکہ حکومت پہلے ہی پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس میں اضافے کے لئے قومی اسمبلی اور کابینہ سے منظوری نہیں لی گئی۔ اس تمام حقائق کے باوجود ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے حکومت کے حق میں فیصلہ سنایا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر سیلز ٹیکس کی وصولی روکنے کا حکم دیا جائے۔