معذور افراد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے جامع ایکشن پلان تیار کر لیاگیا، ڈپٹی کمشنر سرگودھا

جمعرات 12 اکتوبر 2017 19:51

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ معذور افراد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے جامع ایکشن پلان تیار کر لیاگیاہے۔ ہر ماہ ضلع سرگودہا میں دس معذور افراد کی بھرتی کیلئے لائحہ عمل تیار کیاگیاہے جبکہ سکیل پانچ سے پندرہ تک معذور افراد کے تین فیصد ملازمتوں کے کوٹے کے مطابق بھرتی اور معذور افراد کیلئے خدمت کارڈ کے اجرائ کیلئے حکومت کو لکھا جارہاہے۔

وہ آج اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں معذور افراد کے وفد سے ملاقات کر رہے تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے معذور افراد کے مسائل نہایت ہمدردی سے سنے اور ان کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ ڈپٹی کمشنرنے ضلع سرگودہا میں معذور افراد کے چار اداروں سمیت ایک دفتر کے قیام کیلئے سرکاری طو رپر اراضی دینے کا ا علان کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کی تعمیر پنجاب حکومت اپنے فنڈز سے کرائے گی۔

(جاری ہے)

جہاں پر معذور افراد کی تعلیم اور فنی تعلیم کیلئے انتظامات کئے جائیںگے۔ انہوں نے رحمتہ اللعالمین پارک میں معذور افراد کیلئے مخصوص پارک کے حصے کو پی ایچ اے کی تحویل میں دیتے ہوئے اس کی تزئین وآرائش کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے معذور افراد کے مسائل کے حل اور جائزہ کیلئے ایک تین رکنی سب کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔

معذور وں کے مسائل کے جائزہ کیلئے ہر ماہ ایک ا جلاس باقاعدگی سے منعقد ہوگا۔ انہوں نے معذور افراد کے مطالبہ پر ضلع سرگودہا میں ایک علیحدہ سکول کے قیام کابھی ا علان کیا۔ اس موقع پر معذور افراد کے وفد نے ڈپٹی کمشنر کی طرف سے ان کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان کا کسی ہڑتالی تنظیم سے کوئی تعلق ہے او رنہ وہ حکومت کے خلاف کسی ہرتال کاحصہ بنیںگے۔ وہ پہلے بھی کسی ہڑتال یا احتجاج میں شامل نہیں ہوئے کیونکہ اگر ان کے مسائل مقامی طورپر حل ہو رہے ہیں تو انہیں ہڑتال میں شامل ہونے کی کیا ضرورت پڑی۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کا ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔