وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا قدرتی آفات سے آگاہی اور بچائو کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

جمعرات 12 اکتوبر 2017 18:55

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا قدرتی آفات سے آگاہی اور بچائو کے عالمی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے قدرتی آفات سے آگاہی اور بچائو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام کہا ہے کہ قدرتی آفات سے آگاہی کے عالمی دن کا مقصدعوام کو احتیاطی تدابیر اور بچائو کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ہے۔ اس دن کا بنیادی مقصدشہریوں کو قدرتی آفات کی صورت میں اپنی مدد آپ کرنے کے قابل بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیشگی اقدامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کر کے قدرتی آفات اور ناگہانی حادثات کے نقصانات کوکم کیا جا سکتا ہے۔ اس لئے قدرتی آفات سے کم سے کم نقصانات کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کارلانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبہ میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے پنجاب ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا ہے اورپنجاب ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کو صوبہ بھر میں پوری طرح فعال او رمتحرک بنایا گیاہے۔

(جاری ہے)

حادثات سے نمٹنے کیلئے عملے کوجدید تقاضوں کے مطابق خصوصی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے اور نوجوانوں میں قدرتی آفات سے آگاہی کا شعور بیدار کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوںنے کہاکہ سانحات اورآفات سے بچاؤ کیلئے عوام میںآگاہی بڑھانے کیلئے میڈیا کا کردار بھی اہم ہے اورعوام میں سانحات اورآفات سے بچاؤ کیلئے بھرپور آگاہی مہمات کا انعقاد اہم ہے اور سیمینار اور روڈ شو کا انعقاد بھی عوام میں بھرپور آگاہی کا باعث بن سکتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ قدرتی آفات سے کم سے کم نقصانات کیلئے جدید اندازسے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ بروقت اورمناسب احتیاطی تدابیر اختیار کر کے کسی بھی بڑے نقصان سے بچا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے آفات سے نمٹنے اور پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی کیلئے خطیر بجٹ مختص کیا ہوا ہے۔ تعلیمی اداروں او ریونیورسٹیوں میں بھی ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے بارے میں ریسرچ کو فروغ دینا چاہیئے۔ کسی بھی ناگہانی آفت میں جدید سہولیات سے استفادہ کر کے جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن کا پیغام یہی ہے کہ آفات سے آگاہی اور کم سے کم تباہی کی حکمت عملی پرپوری طرح عمل کیاجائے۔