دوہرے ٹیکس اور ریفنڈز میں تاخیر تکلیف دہ مسائل ہیں، فوری حل کیا جائے‘ لاہور چیمبر

وفاقی و صوبائی محکمے ٹیکسیشن میں ہم آہنگی پیدا کریں‘ملک طاہر جاوید، خواجہ خاور رشید، ذیشان خلیل

جمعرات 12 اکتوبر 2017 18:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) دوہرے ٹیکس اورریفنڈز میں تکلیف دہ تاخیر جیسے مسائل معیشت کے فروغ میں رکاوٹ ہیں لہذا حکومت انہیں فوری حل کرے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر صدر ملک طاہر جاوید نے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل کے ہمراہ فیروز پور روڈ انڈسٹریل ویلفیئر آرگنائزیشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وفد کی سربراہی میاں عبدالرزاق اورادیب اقبال شیخ کررہے تھے۔

ملک طاہر جاوید نے کہا کہ تاجر معاشی ترقی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں مگر اس کے لیے انہیں پٴْرامن کاروباری فضا فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا کہ وہ دوہرے ٹیکسوں کا مسئلہ فوری حل کرے کیونکہ اس سے کاروبار بٴْری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان روابط اور ہم آہنگی کے فقدان کی وجہ سے کاروباری برادری کو ڈبل ٹیکسیشن سمیت بہت سی پریشانیوں کا سامنا ہے، وفاق اور صوبوں کے درمیان ٹیکسوں کے معاملات پر ہم آہنگی اور یکسانیت ہونی چاہیے۔

انہوں نے ایف بی آر پر مزید زور دیا کہ وہ ریفنڈز فوری طور پر جاری کرے کیونکہ سرمایہ پھنس جانے کی وجہ سے انڈسٹریز کو مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔ خواجہ خاور رشید اور ذیشان خلیل نے کہا کہ ریفنڈز حاصل کرنے کا عمل پیچیدہ اور پریشان کردینے والا ہے جس میں مہینوں ضائع ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ایسے مسائل کی موجودگی میں کاروبار اور معاشی ترقی میں کردار ادا نہیں کرسکتی لہذا یہ مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے۔

انہوں نے وفاقی و پنجاب حکومتوں پر زور دیا کہ وہ کاروباری معاملات میں سرکاری محکموں کی بے جا مداخلت ختم کریں جس سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور حکومت و تاجروں کے درمیان تعلقات مستحکم ہونگے۔ میاں عبدالرزاق اور ادیب اقبال شیخ نے ٹیکسوں کے پیچیدہ نظام کو آسان بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مزید لوگ ٹیکس نیٹ میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی زیادہ تعداد لوگوں کو ٹیکس نیٹ سے باہر رہنے کی ترغیب دیتی ہے لہذا ان سے اجتناب برتا جائے۔ انہوں نے ریفنڈز کے جلد اجراء پر بھی زور دیا۔

متعلقہ عنوان :