تاجربرادری کے ٹیکس مسائل حل کرنے کے لئے ٹیکس ایڈوائزری کمیٹی جلد بحال کر یں گے، حبیب اللہ خان

مذکورہ کمیٹی چیمبر اور ریجنل ٹیکس آفس کے نمائندگان پر مشتمل ہو گی اس اس سلسلے میں چمبر سے جلد نام مانگیں جائیں گے،چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو

جمعرات 12 اکتوبر 2017 18:11

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء)ریجنل ٹیکس آفس اسلا م آباد کے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو حبیب اللہ خان نے کہاکہ ٹیکس ایڈوائزی کمیٹیاں ٹیکس دہندگان کے مسائل حل کرنے اور ٹیکس ریونیو کو بہتر کرنے میں فعال کردار ادا کرتی ہیں لہذا وہ جلد ہی اسلام آباد میں ٹیکس ایڈوائزی کمیٹی کو بحال کریں گے جس سے مقامی تاجر برادری کے ٹیکس سے متعلقہ مسائل بہتر طور پر حل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ کمیٹی چیمبر اور ریجنل ٹیکس آفس کے نمائندگان پر مشتمل ہو گی اس اس سلسلے میں چمبر سے جلد نام مانگیں جائیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کمشنر ان لینڈ ریونیو فریدون اکرم شیخ، کمشنر آئی آر ایسٹ زون عبدالحمید، کمشنر آئی آر ویسٹ زون محترمہ عائشہ فاروق اور ایڈیشنل کمشنرآئی آر محمد وقاص حنیف بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

حبیب اللہ خان نے کہا کہ وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے اسلام آباد میں نئے ٹیکس دہندگا ن تلاش کرنے کی کوشش کریں گے تا کہ ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دے کرٹیکس ریونیو کر مزید بہتر کیا جا سکے۔ انہوںنے کہا کہ منصفانہ ٹیکس نظام کا فروغ، ٹیکس دہندگان اور محکمہ ٹیکس کے اعتماد کی بحالی اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا ان کی اہم ترجیحات میں شامل ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ ٹیکس کے دائر کار کو بڑھانے کے لئے حکومت کاروبار دوست ٹیکس کلچر کو فروغ دینا چاہتی ہے لہذااس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ان کا ادارہ تاجر برادری سے دوستانہ ماحول میں ٹیکس وصول کرنے کی کوشش کرے گا۔ انہوںنے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو اگر کو ئی بھی جائز شکایت ہو تو ان کے دروازے ان کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے وہ ان کو حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔

اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے اپنے استقبالیہ خطاب میں تاجر برادری کو درپیش ٹیکس مسائل پر روشنی ڈالی اور ریجنل ٹیکس آفس کے چیف کمیشنر سے مطالبہ کیا کہ وہ اجاگر کردہ مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کریں انہوںنے کہا کہ ٹیکس ایڈوائزری کمیٹی کو جلد بحال کیا جائے جس سے تاجروں کے بہت سے مسائل حل ہو نگے اور ٹیکس دہندگان اور ٹیکس محکمہ کے مابین اعتماد کا رشتہ قائم ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ ٹیکس ریکوری کے لئے ٹیکس دہندگان کے بنک اکاؤنٹس کو منسلک کرنے ، ٹیکس آڈٹ کے لئے بار بار ٹیکس دہندگان کا انتخاب کرنے، آڈٹ کیسوں کا فیصلہ طویل عرصے تک التوا میں رکھنے، ٹیکس دہندگان کو تاخیر سے نوٹس بھیجنے اور کاروباری اداروں پر چھاپے مارنے جیسے اقدامات سے گریز کیا جائے کیونکہ اس طرح کے اقدامات سے تاجر برادری میں غیر ضروری خوف و ہراس پیدا ہوتا ہے جبکہ ٹیکس کلچر کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔

انہوںنے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیکس کے ریٹ زیادہ ہیں لہذا نظر ثانی کر کے انہیں کم کیا جائے جس سے ٹیکس کلچر کی حوصلہ افزائی ہو گی اور ٹیکس ریونیو میں بھی بہتری آئے گی۔ اسلام آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر نوید ملک اور نائب صدر نثار احمد مرزا نے کہا کہ مقامی تاجر برادری کے خلاف ٹیکس معاملے میں کوئی بھی کارروائی کرنے سے پہلے ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد کو چائیے کہ وہ چیمبر کو پہلے اعتماد میں لے تاکہ باہمی کوششوں سے ٹیکس دہندگان کے مسائل حل کئے جا سکیں۔

خالد جاوید، میاں اکرم فرید، اعجاز عباسی ، چوہدری وحیدالدین، محترمہ ناصرہ علی اور مختلف مارکیٹوں کے نمائندگان نے بھی اپنے ٹیکس مسائل سے چیف کمیشنر کو آگاہ کیا اور ان کے جلد حل کرنے پر زور دیا تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ مل سکے۔