حکومت پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے محمدنوازشریف کے مقررہ کردہ اہداف حاصل کرنے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے ،چوہدری برجیس طاہر

پاکستان کی ترقی سے متعلق محمدنوازشریف کے وژن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا،وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان

جمعرات 12 اکتوبر 2017 18:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے محمدنوازشریف کی جانب سے مقررہ کردہ اہداف کوحاصل کرنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے اور پاکستان کی ترقی سے متعلق محمدنوازشریف کے وژن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ محمدنوازشریف کو سیاست سے بے دخل کرنے کا مخالفین کا منصوبہ کسی صورت مکمل نہیں ہوگا اور نہ ہی ملک کو سیاسی و معاشی عدم استحکام کا شکار ہونے دیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ عمران خان اور اُن کی جماعت محمدنوازشریف اور اُن کے خاندان سے عداوت میں تمام حدیں پار کر چکی ہے جس سے ملک کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ افسوس اس امر کا ہے کہ ملک کے مفاد میں سوچے بغیر عمران خان اور اُن کے ساتھ پاکستانی سیاسی صورت حال او رمعیشت سے متعلق منفی پروپیگنڈاکر رہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ 2013 ء کے اور آج کے حالات میں واضح فرق خود محسوس کر سکتے ہیں انہوںنے کہاکہ2013 ء میں ہماری معاشی ترقی کی شرح 3 فیصد سے کم تھی جو کہ اس سال 5 فیصد سے زیادہ رہی ہے زرمبادلہ کے زخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں اور افراط زر میں پچھلے چار سالوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے انہوںنے کہاکہ محمدنوازشریف اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف مخالفین کے منفی پروپیگینڈے سے عوام بخوبی واقف ہیںاو ر جانبدارانہ احتساب کا وہ عمل جو محمدنوازشریف اوراُن کے خاندان کے خلاف جاری رکھا جارہا ہے اُس سے محمدنوازشریف کے عوام سے رشتے ٹوٹنے کی بجائے اور بھی مضبوط ہو رہے ہیں جو 2018 ء کے انتخابات میں کھل کر اور بھی واضح ہو جائیں گے۔

چوہدری محمدبرجیس طاہر نے 12 اکتوبر1999 کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس وقت جمہوریت کو ڈی ریل نہ کیا جاتا تو آج پاکستان کے کونے کونے میں خوشحالی ہوتی اور موٹر ویز، سی پیک آج سے کئی سال قبل مکمل ہو چکا ہوتے جس سے پاکستان کاا یشین ٹائیگر بننے کا خواب پورا ہو چکاہوتا۔انہوں نے کہاکہ جب بھی محمدنوازشریف حکومت میں آئے توانہوں نے اس ملک کو کئی میگا پروجیکٹس دیے لیکن افسوس کہ ہربار مخالفین کی جانب سے ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہماری حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے ،عوام ہی بہترین جج ہیں کہ کون سی حکومت عوام کے لیے کام کرتی ہے اور کون سی محض باتیں کرتی ہے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اپنی کارکردگی کی بدولت 2018 ء کے الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اورمحمد نوازشریف ایک بار پھر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سفر شروع کریں گے۔

متعلقہ عنوان :