کوچز کھلاڑیوں کی تربیت جدید تکنیک کے مطابق کریں‘ ڈی جی سپورٹس پنجاب

بہترین وقت ہے کہ ہم کوچنگ کے پرانے طریقوں سے جان چھڑا لیں، کوچز کی ذمہ داری ہے کہ وہ نیا ٹیلنٹ تلاش کریں‘محمد عامر جان

جمعرات 12 اکتوبر 2017 18:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کوچز سے کہا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کو جدید تیکنک کے مطابق تربیت دیں تاکہ وہ ملک کا نام روشن کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں پنجاب بھر کے کوچز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر حفیظ بھٹی بھی موجود تھے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کوچز کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں سے نیا ٹیلنٹ تلاش کریں اور پھر ان کی جدید خطوط پر تربیت دیں کیونکہ ہم اس وقت جدید دور سے گزر رہے ہیں اور یہ بہترین وقت ہے کہ ہم کوچنگ کے پرانے طریقوں سے جان چھڑا لیں، انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب بیڈمنٹن، سکواش، ٹیبل ٹینس اور دیگر کھیلوں کے میگا ایونٹس منعقد کرائے گا اس لئے ضروری ہے کہ کوچز ان ایونٹس کیلئے اپنے آپ کوتیار کریں ، کوچز کی رہنمائی کرتے ہوئے محمد عامر جان نے کہا کہ سپورٹس کوچ ایک استاد کی حیثیت رکھتا ہے، اس کو کھلاڑیوں کے رویہ اور فطرت کے بارے میں بخوبی علم ہوتا ہے اور وہ کھلاڑیوں کی خامیوں کو تکنیکی طریقوں سے دور کرسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ گراس روٹ لیول سے نیاٹیلنٹ تلاش کرنے میں کوچ کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے لٰہذا کوچز فوری طور پر ٹیلنٹ کی تلاش کا کام شروع کردیں۔