آئین سے حلف کا ختم ہونا ایک تکنیکی غلطی تھی جس کی انکوائری جاری ہے، ممبر صوبائی اسمبلی محمد ارشد ملک

جمعرات 12 اکتوبر 2017 17:41

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء) ممبر صوبائی اسمبلی محمد ارشد ملک نے کہا ہے کہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کے تحفظ کے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں اور پوری امت مسلمہ اس اہم اور حساس ایشو پر متفق ہے یہ کسی گروہ یا سیاسی جماعت کا ذاتی معاملہ نہیں اس لیے اس بحث کو اب ختم ہونا چاہیے کہ کس کی عقیدت کم اور کس کی زیادہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواحی گائوں دولا زیریں میں دریائے راوی کے کٹائو سے بچنے کیلئے تعمیر کیلئے جانیوالے حفاظتی بند کے تعمیراتی کام کا معائنہ کرنے کے دوران لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پرمخدوم امجد سپرا اور سید سجاد شیرازی سمیت لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

انہوں نے کہا کہ نبی پاکؐ کی محبت ہر چیز سے بڑھ کر ہے جسے ختم کرنے کیلئے طاغوتی طاقتیں مسلسل وطن عزیز کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئین سے حلف کا ختم ہونا ایک تکنیکی غلطی تھی جس کی انکوائری جاری ہے ۔ایم پی اے محمد ارشد ملک نے کہا کہ دشمنوں سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی اور وہ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں لیکن اس طرح کی رکاوٹوں اور سازشوں کے باوجود مسلم لیگ ن کی حکومت ترقی کا عمل رکنے نہیں دے گی ۔

انہوں نے کہا کہ میاں صاحبان کی طرف سے سی پیک منصوبہ پاکستانی عوام کیلئے ایک عظیم الشان تحفہ ہے جس کے مثبت اثرات بہت جلد سامنے ہوں گے جب ہمارا شمار بھی دنیا کی ترقی یافتہ قوموں میں ہونے لگے گا ۔ محمد ارشد ملک نے کہا کہ سی پیک ایک نئے ویژن کا عکاس ہے جس سے ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت دنیا کے کئی ملکوں کو سی پیک کی صورت میں پاکستان کی ترقی گوارہ نہیں ہو رہی اور وہ اپنے آلہ کاروں کے ذریعے اس اہم منصوبے کو سبوتاژ کرنے کیلئے دن رات سازشوں میں مصروف عمل ہیں لیکن مسلم لیگ ن عوامی طاقت کی مدد سے ان سازشوں کو خاک میں ملا دے گی ۔

متعلقہ عنوان :