Live Updates

تبدیلی کا نعرہ لگانے والے خود فیل ہوچکے ہیں،خیبرپختونخواہ کے لوگ کوستے ہوں گے کہ ہم نے انہیں ووٹ کیوں دیا، اگر خیبرپختونخوا میں بھی ن لیگ کی حکومت ہوتی تو 11 ماہ میں پشاور میں میٹرو بن جاتی،عمران خان نے سات ماہ تک اسلام آباد میں دھرنا دے کر چینی صدر کا دورہ موخر کروایا۔ مخالفین نے سی پیک میں رکاوٹیں ڈالنے کی بھرپور کوشش کی۔ کسی حکومت نے جنوبی پنجاب کیلئے اتنا کام نہیں کیا جتنا ہم نے کیا۔ کسانوں کو اربوں روپے کھاد کی سبسڈی کیلئے دیئے،وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کا ملتان میں 100 فیڈربسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 12 اکتوبر 2017 17:40

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء) وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے خود فیل ہوچکے ہیں،خیبرپختونخواہ کے لوگ کوستے ہوں گے کہ ہم نے انہیں ووٹ کیوں دیا، اگر خیبرپختونخوا میں بھی ن لیگ کی حکومت ہوتی تو 11 ماہ میں پشاور میں میٹرو بن جاتی۔عمران خان نے سات ماہ تک اسلام آباد میں دھرنا دے کر چینی صدر کا دورہ موخر کروایا۔

مخالفین نے سی پیک میں رکاوٹیں ڈالنے کی بھرپور کوشش کی۔ کسی حکومت نے جنوبی پنجاب کیلئے اتنا کام نہیں کیا جتنا ہم نے کیا۔ کسانوں کو اربوں روپے کھاد کی سبسڈی کیلئے دیئے۔ملتان میں میٹرواسپیڈو بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف نے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان پرشدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب میٹرو لاہور میں شروع ہوئی تو پی ٹی آئی کے پیٹ میں مڑوڑ اٹھے۔

(جاری ہے)

اربوں روپے قرضے معاف کروانے والے میٹرو کی مخالفت کرتے رہے۔ نیازی صاحب نے میٹرو کو جنگلہ بس کہہ کر ستر ارب کا لزام لگا یا مگر ثابت نہ کرسکے۔، پی ٹی آئی نے اورنج ٹرین کی پچ کو بھی اکھیڑ دیا کہ'' نہ کھیڈاں گے نہ کھیڈن دیاں گے۔انہوں نے کہا کہ 2014 میں دھرنے دے کر ملک کا نظام درہم برہم کیا گیا، چینی صدر کا دورہ پاکستان دھرنے کی وجہ سے منسوخ کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان مخالفت اور دشمنی کا ثبوت دیا، مخالفین نے سی پیک میں رکاوٹیں ڈالنے کی بھرپور کوشش کی، قرضہ خوروں نے لاہور میٹرو منصوبے کی مخالفت کی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سوا چار سال بعد کے پی کے میں ایک اینٹ میٹرو پروجیکٹ پر نہیں لگا سکی۔کے پی کے میں اگر مسلم لیگ ہوتی تو گیارہ ماہ میں میٹرو بن جاتی۔

شہبازشریف نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے، لاہور کے بعد ملتان کو بھی میٹرو فیڈر بس سروس فراہم کی گئی ہے، اگلے مرحلے میں لودھراں کو فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا میٹرو فیڈر بس سروس سے غریب خاندان سفر کر سکیں گے، ملتان میں نئی یونیورسٹیوں میں تعلیم کا کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا جنوبی پنجاب کی جتنی خدمت ن لیگ نے کی ہے، کسی دوسری حکومت نے نہیں کی، صاف پانی کے منصوبے کا آغاز بھی جنوبی پنجاب سے کیا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا پنجاب حکومت نے اربوں روپے کی کھاد میں سبسڈی دی، چھوٹے کسانوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے گئے، رحیم یار خان میں پہلی آئی ٹی یونیورسٹی رواں سال مکمل ہونے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں اربوں روپے شہروں کو ملانے والے ہائی وے موٹر وے روڈ بنائے جارہے ہیں، 55 تحصیلوں میں صاف پانی کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے۔

ملتان اور شجاع آباد میں ہیباٹائٹس کلینک کا چار ماہ آغاز کیا جائے گا۔ موٹر سائیکل ریسکیو سروس کا آغاز کردیا ہے جو پنجاب کے نو ڈویژن میں شروع ہورہا ہے۔:سیلاب میں جو جنوبی پنجاب کے لیے کام کیا وہ احسان نہیں فرض تھا۔ملتان میں سفاری پارک پر فی الفور کام شروع کروایا جائے،غلہ منڈی گرلز کالج کو شروع کیا جائے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال مظفرگڑھ کے توسیعی منصوبے کا اچانک دورہ کیا،وزیراعلیٰ ملتان میں سپیڈو بسز کے افتتاح کے بعد غیر اعلانیہ ہسپتال کے توسیعی منصوبے کا جائزہ لینے کے لئے پہنچے۔

وزیراعلیٰ نے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور واررڈز اور شعبوں میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پنجاب حکومت جنوبی پنجاب کے لوگوں کو علاج معالجے کی بہترین اور معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال میں 250 بستروں کا اضافہ کر رہی ہے،تعمیراتی کاموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔

اس ہسپتال میں توسیع سے لوگوں کو بے پناہ سہولت ملے گی۔افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر فوڈ اینڈسکیورٹی حاجی سکندرحیات بوسن،وفاقی وزیر پانی جاوید علی شاہ،صوبائی وزراء میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، نغمہ مشتاق لانگ،مئیرملتان چوہدری نویدالحق آرائیں ،ایم این اے عبدالغفارڈوگر،شیخ طارق رشید،سابق صوبائی وزیرچوہدری عبدالوحید آرائیں اراکین اسمبلی،لیگی رہنمائوں وکارکنوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی جبکہ اس موقع پرسکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات