پی پی ایم اے کے وفد کی صوبائی وزیر پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ سے ملاقات

کوالٹی ادویات تیار کرنے والے اور جی ایم پی پر عمل کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی‘ خواجہ عمران نذیر

جمعرات 12 اکتوبر 2017 17:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ حکومت معیاری ادویات تیار کرنے والے اور مصنوعات کی تیاری میں گڈ مینوفیکچرنگ پر یکٹسز پر عملدر آمد کرنے والے فارما سیوٹیکل اداروں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کرے گی لیکن غیر معیاری، غیر رجسٹرڈ یا جعلی ادویات بنانے والے عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی-انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی- پی پی ایم اے کے وفد میں خواجہ شاہزیب اکرم، محمد عزیر ناگرہ، طاہر عالم اور دیگر افراد شامل تھے - اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگ ونگ محمد سہیل ، چیف ڈرگ کنٹرولر ڈاکٹر منور حیات اور محکمہ کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھی- خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ فارما انڈسٹری کا معثیت میں بہت اہم کردار ہے اور یہ صنعت نا صرف بیرونی ممالک سے کروڑوں روپے کا زر مبادلہ کما رہی ہے بلکہ ہزاروں خاندانوں کا روزگار اس صنعت سے وا بستہ ہے -انہوں نے کہا کہ یہ بات پورے یقین سے کہی جا سکتی ہے کہ کوئی بھی رجسٹرڈ فارماسیوٹیکل یونٹ جعلی ادویات بنانے میں ملوث نہیں تاہم جی ایم پی ایس کے ایشوز سامنے آتے رہتے ہیں جن کو حل کرنا ضروری ہے -خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پاکستان فارما سیوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کو صوبے اور ملک سے جعلی و غیر معیاری ادویات کے دھندے کو ختم کرنے کے لئے ایسے غیر قانونی یونٹس کا کھوج لگانے میں حکومت کی راہنمائی کرنا چاہی-اس موقع پر پی پی ایم اے کے وفد کے سربراہ خواجہ شاہزیب اکرم اور دیگر ارکان نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور اس بات کا اعلان کیا کہ پی پی ایم اے صوبے سے جعلی و غیر معیاری ادویات کے خاتمہ میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لانے کے لئے حکومتی کو ششوں میں بھر پور ساتھ دے گی- وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ جب تک چاروں صوبوں میں غیر معیاری اور جعلی ادویات کے خاتمہ کے لئے یکساں کوششیں نہیں کی جائیں گی تب تک یہ مکروہ دھندہ مکمل طور پر ختم نہیں ہو گا -خواجہ عمران نذیر نے وفد کے مسائل سنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دھانی کرائی-