کوآپریٹوہائوسنگ سوسائٹیزسے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیجی بنیادوں پرحل کئے جارہے ہیں‘افضال بھٹی

اوورسیز پاکستانیوں کو پلاٹس کی بروقت فراہمی اور دیگرشکایات کے ازالے کیلئے محکمہ کوآپریٹو زکا تعاون قابل قدرہے‘اجلاس سے خطاب

جمعرات 12 اکتوبر 2017 17:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن (اوپی سی)پنجاب افضال بھٹی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر کوآپریٹوہائوسنگ سوسائٹیزسے متعلق سمندرپارمقیم ہم وطنوں کی شکایات کا ترجیجی بنیادوں پر ازالہ کیا جارہاہے۔ وہ سیکرٹری محکمہ کوآپر یٹوز پنجاب محمد شہریار سلطان اوررجسٹرار ذوالفقار گھمن کے ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے موقع پرگفتگو کررہے تھے۔

ڈائریکٹر جنرل اوپی سی ،سید جاوید اقبال بخاری، ڈائر یکٹرریونیو عشرت اللہ نیازی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔افضال بھٹی نے کہا کہ کوآپریٹوسوسائٹیز میں اوورسیز پاکستانیوں کو پلاٹس کی بروقت فراہمی اور دیگر مسائل کے حل کیلئے محکمہ کوآپریٹوز کے حکام کا تعاون قابل قدرہے اور ان کی کاوشوں سے اوورسیز پاکستانیوں کی متعدد شکایات کا حل ممکن ہواہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے جلد ازجلد ازالے کیلئے محکمہ کواپریٹوپنجاب اوردیگر متعلقہ اداروں کی معاونت سے ایک جامع پالیسی پر عمل درآمدجاری ہے۔ اجلاس کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی متعدد شکایات پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا اور کمشنر اوپی سی اور سیکرٹری کوآپریٹو زنے ان کے حل کیلئے موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔