ترک اور امریکی وزرائے خارجہ کا ٹیلی فون پر رابطہ،سفارتی بحران پرغور کیا گیا

جمعرات 12 اکتوبر 2017 17:10

انقرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2017ء) ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے امریکی ہم منصب ریکس ٹلرسن سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ۔ جس میں دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ترک اور امریکی وزرائے خارجہ کی بات چیت میں دو طرفہ ویزہ پابندی کے بارے میں بھی تبادلہ خیال ہوا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ، فتح اللہ گولن تنظیم کے خلاف جاری تحقیقات اوراستنبول میں متعین امریکی قونصل خانے کے ملازم متین توپوز کی مشتبہ اور ترک مخالف سرگرمیوں کے بارے میں بھی غور کیا گیا۔ ترک وزیر خارجہ نے اپنے امریکی ہم منصب ریکس ٹلرسن کو بتایا کہ دوران تفتیش معلوم ہوا کہ متعلقہ شخص امریکی قونصل خانے کا باضابطہ ملازم نہیں ہے اور بعض مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہے لہذا اس صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے ترک حکومت نے متعلقہ شخص کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے جس پر امریکی انتظامیہ نے ترک شہریوں کیلیے ویزہ سہولت معطل کردی جس کے جواب میں ترکی نے بھی امریکی شہریوں کیلیے ویزہ کی سہولت بند کردی۔