ایم کیو ایم سمیت دیگر لاپتہ افراد کی گرفتاری پولیس نے ظاہر کردی

وکلا نے عدالت کو آگاہ کردیا،نئی درخواستوں پر آئی جی، ڈی جی رینجرز، محکمہ داخلہ سندھ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری

جمعرات 12 اکتوبر 2017 17:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) کئی ماہ سے لاپتہ ایم کیو ایم سمیت دیگر لاپتہ شہریوں کی گرفتاری پولیس نے ظاہر کردی۔ وکلا نے عدالت کو آگاہ کردیا۔ سندھ ہائیکورٹ نے درخواستیں نمٹادیں۔ نئی درخواستوں پر آئی جی، ڈی جی رینجرز، محکمہ داخلہ سندھ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔ سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو کئی ماہ سے لاپتہ شہریوں کے معاملے پر سماعت ہوئی۔

پولیس نے ایم کیوایم کارکنوں سمیت متعدد لاپتہ شہریوں کی گرفتاری ظاہر کردی۔ ایم کیوایم اور دیگر لاپتہ شہریوں کے وکلا نے عدالت کو آگاہ کردیا۔ وکلا نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے محمد علی، جان عالم، عبدالوہاب، محمد عرفان اور دیگر کی گرفتاری ظاہر کردی ہے۔ لاپتہ ہونے والے کارکن اور شہری انسداددشت گردی اور دیگر عدالتوں میں ٹرائل کا سامنا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے وکلا کے موقف کے بعد ایم کیوایم کارکنوں اور دیگر بازیاب ہونے والے شہریوں کی درخواستیں نمٹا دیں۔ بیشتر لاپتہ شہریوں کے وکلا اور اہلیخانہ کی عدم پیشی پر عدالت برہم ہوگئی۔ عدالت نے ریماکس دیئے لاپتہ شہریوں کی بازیابی سیمتعلق درخواستیں دائر کرنے کے بعد وکلا اور سائلین پیش ہی نہیں ہوتے۔ اگر لاپتہ شہری بازیاب ہوچکے ہیں تو آگاہ کیا جائے۔

انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت جاری رکھی ہوئی ہے۔عدالت نے لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق نئی درخواستوں پر آئی جی سندھ، محکمہ داخلہ، ڈی جی رینجرز اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔ فریقین کو 16نومبر تک جواب جمع کرائیں۔ درخواست گزاروں کے کے وکیل کے مطابق نجی بینک کا افسر ابراہیم حیدر 2007 سے آرام باغ کے علاقے سے لاپتہ ہے۔ سہیل بیگ، منیر احمد اور دیگر کو مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا بعد میں لاپتہ ہوگئے۔