12اکتوبرملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ایک آمر نے منتخب وزیر اعظم کی حکومت کو ختم کیا‘ پرویز ملک

اس وقت نوازشریف کو ایٹمی دھماکوں کی اب سی پیک کی سزا دی گئی،عوام2018میں اس اقدام کو غلط ثابت کرینگے‘وفاقی وزیر تجارت

جمعرات 12 اکتوبر 2017 16:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) وقافی وزیر برائے تجارت محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ12اکتوبر1999ء پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب ایک آمر پرویز مشرف نے ایک منتخب وزیر اعظم میاں نوازشریف کی حکومت کو ختم کیا،اس وقت نواز شریف کو ایٹمی دھماکے کرنے کی سزا دی گئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع سید توصیف شاہ، ارکان اسمبلی چوہدری شہباز،اسد اشرف،ڈپٹی میئرز راؤ شہاب الدین، بلال بٹ،رانا احسن شرافت،عامر خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوںنے کہاکہ تاریخ نے اس آمر پرویز مشرف کی جانب سے میاں نواز شریف کی حکومت کو ہٹانے کے اس اقدام کو غلط ثابت کیا، اب پھر میاں نواز شریف کو سی پیک کی سزا دی گئی اور انہیں ایک بار پھر وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹا دیا ہے لیکن تاریخ ایک مرتبہ پھر2018ء کے الیکشن میں آمروں کی باقیات کے اس فیصلے کو انشاء اللہ اپنے ووٹ کی طاقت سے غلط ثابت کریں گے، عوام جانتے ہیں کہ سٹرکیں اور موٹروے نوازشریف نے بنائی مگر ترقی کے دشمنو ں نے انہیں عوام سے محبت کی سزاد ی اب عوام ان سے بدلہ بھی لے گے اور احتساب بھی کریں گے،مسلم لیگ ن ہی واحد سیاسی جماعت ہے کہ جو کسی اقتدار نہیں بلکہ اقدار کی سیاست کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے صوبے کے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا ہے اور نہ ہی پیپلز پارٹی سندھ کے عوام بالخصوص کراچی کے عوام کوکچھ ڈلیور کرسکی ہے،پیپلز پارٹی نے جس طرح سے کچرے کے ڈھیروں کے تحفے کراچی کے عوام کو دئیے ہیں اس کے بعد انکو لاہور میں ووٹ مانگتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔