دنیا بھر میں ہونے والی ترقی تحقیق کی بدولت ہی ممکن ہوئی‘ڈاکٹر کلیم عباسی

ْزراعت ہو یا کوئی اور شعبہ ،ریسرچ نے ہر جگہ انقلاب برپا کیا،وائس چانسلر کا ورکشاپ سے خطاب

جمعرات 12 اکتوبر 2017 16:47

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء) آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے وا ئس چانسلرپروفیسر ڈا کٹر محمد کلیم عبا سی نے کہا ہے کہ تعلیمی معیار بنانے اور جامعہ کشمیرکی قومی سطح پر پہچان کیلئے تحقیق کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ دنیا بھر میں ہونے والی ترقی بنیادی طور پر تحقیق کی بدولت ہی ممکن ہوئی ہے۔

ٹیکنالوجی ،میڈیکل ،زراعت ہو یا کوئی اور شعبہ ،ریسرچ نے ہر جگہ انقلاب برپا کیا۔ریسرچ اور تحقیق کی بدولت انسان نے چاند پر قدم رکھاہے۔ ان خیالا ت کااظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے جامعہ کشمیر کے شعبہ اورق (Office of Research Innovation & Commercialization )کے زیر اہتمام فیکلٹی ممبران کی ایک روزہ ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں نے تحقیق کو فروغ دے کر اپنا تعلیمی معیار بہتر کیا ہے،قومی سطح پر ریسرچ پر مکمل توجہ دیکر قائد یونیورسٹی ،Comsats اور دوسرے اداروں نے دنیا میں نام کمایا ہے۔ جامعہ کشمیر میں تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے ہمیں بھی ریسرچ کلچر کو فروغ دینا ہوگا ،اس مقصد کیلئے پی یچ ڈی مکمل کرکے آنے والے سکالر کو قومی و بین الاقوامی فنڈ نگ ایجنیسز سے تحقیق کیلئے مختص فنڈز کے حصول کیلئے جدوجہد کرنا ہو گی۔

پی ایچ ڈی فیکلٹی کو ذاتی کاوشوں سے اپنے شعبہ جات کی لیبارٹرز کو جدید سامان سے لیس کرنا ہا گا۔ انہیں ریسرچ پبلی کیشنز، ریسرچ پراجیکٹس، کانفرنسز،سمینارز،میں شرکت اور ایم فل، پی ایچ ڈی،سکالرز کی سپرویژن کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنا ہو گا۔ ریسرچ پراجیکٹ کے حصول سے جہاں جامعہ کشمیر کا تعلیمی معیار بہتر ہو گا وہاں یونیورسٹی کے مالی وسائل میں بھی اضافہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں پروفیسرز اور ماہرین تعلیم کی عزت کی جاتی ہے اور اعلیٰ پوزیشنز پر پہنچنے کیلئے قابلیت ،کاوشیں اور میرٹ کو ہی بڑی سفارش بنانا ہو گا۔ یونیورسٹی کیا مالی صورت حال کو بہتربنانے کیلئے ریسرچ پراجیکٹ انتہائی ضروری ہیں ، ریسرچ پراجیکٹ کے باعث ہی یونیورسٹی کے شعبہ جات جدید سہولیات سے آراستہ لیبارٹریزکا قیام ممکن بنا سکتے ہیں، جامعہ کشمیر کی بہتری اور تعلیمی ترقی کیلئے ہم سب کو مل کر اپنا کر دار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ شعبہ کی لیبارٹرز میں خود جا کر طلبا و طالبات کو گائیڈ کریں اور تحقیق کیلئے ٹائم نکال کر ان لیبارٹریز کو فنکشنل بنائیں۔ ورکشاپ میں جامعہ کشمیر کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان،شعبہ اورق کے ڈائر یکٹر ڈاکٹر سعید عارف شاہ ،فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے ورکشاپ میں شریک سربراہان شعبہ جات،فیکلٹی ممبران میں سرٹیفکٹ بھی تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :