المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی نی102افرادکی بینائی لوٹا دی ، دوروزہ فری آئی کیمپ اختتام پذیر

فری آئی کیمپ میں مفت آپریشن، ادویات فراہم کی گئیں، 600 سے زائد افراد کاچیک اپ کیا گیا، کیمپ سے استفادہ کرنے والے افراد کی قوت بیناء لوٹ آنے پر چہرے کھل اٹھے، لبوں پر المصطفیٰ کے لیے دعائیں

جمعرات 12 اکتوبر 2017 16:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء)المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام 2روزہ فری آئی سرجری کیمپ اختتام پزیر ، فری آئی سرجری کیمپ میں 102مریضوں کے مفت آپریشن، ادویات فراہم کی گئیں، 600 سے زائد افراد کاچیک اپ کیا گیا، کیمپ سے استفادہ کرنے والے افراد کی قوت بیناء لوٹ آنے پر چہرے کھل اٹھے، لبوں پر المصطفیٰ کے لیے دعائیں ،فری آئی سرجری کیمپ میں سفید موتئے کے مریضوں کامفت علاج معالجہ کیا گیا جہا ں پر ان کو ادویات کی فراہمی اوربغیرٹانکے آپریشن ، کھانا اور رہائش سمیت دیگر سہولیات فراہم کی گئیں ۔

کیمپ کے اختتام پر ایک سادہ تقریب منعقد کی گئی جس میں مریضوں کے ورثاء نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی عتیق احمد کیانی، مرکزی انجمن تاجران کے صدر شوکت نواز میر، پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے رہنما شوکت جاوید میر،مسلم کانفرنس کی مرکزی رہنما سمعیہ ساجد ،المصطفیٰ شعبہ خواتین کی صدر سمیرابیگ،ڈاکٹر حسیب فاروق اعوان،سفیررضا و دیگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

المصطفیٰ کے صدر نے شرکاء کا شکریہ اداکرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ المصطفیٰ دکھی انسانیت کی خدمت کا فریضہ انجام دیتی رہے گی،المصطفیٰ 1992سے آزادکشمیرمیں سماجی خدمت کے شعبہ میں کام کر رہی ہے اوربلا تخصیص خدمت کا یہ سفر استقامت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ مرکزی انجمن تاجران کے صدر شوکت نواز میر نے کہاکہ المصطفیٰ ویلفیر سوسائٹی وہ کام کررہی ہے جو حکومت بھی نہیں کرسکی،المصطفیٰ کے کیمپ سے استفادہ کرنے والی خواتین اور بزرگ المصطفیٰ کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

انہوںنے کہاکہ المصطفیٰ کی سماجی خدمات بلاشبہ قابل تحسین ہیں، جو اپنی بساط سے بڑھ کر دکھی انسانیت کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔المصطفیٰ ویلفیر سوسائٹی بلاتخصیص خدمت پریقین رکھتی ہے۔ پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے رہنما شوکت جاوید میر نے کہاکہ المصطفیٰ نے ہر مشکل گھڑی میں غریب عوام کی خدمت کی ہے، زلزلہ، بارش، سیلاب، لینڈسلائیڈنگ سمیت ہر طرح کی آفات میں المصطفیٰ سب سے پہلے رلیف اور ریسکیوکا فریضہ انجام دیتی ہوئی نظرآتی ہے۔

مسلم کانفرنس کی مرکزی رہنما سمعیہ ساجد نے کہاکہ خدمت انسانیت ایک عباد ہے جس کا صلہ اللہ تعالیٰ اور اس کے حبیب مکرم کی بارگاہ سے براہ راست ملتاہے۔ دنیامیں خدمت خلق کا صلہ نہیں دیا جاسکتا اور المصطفیٰ کے کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں جو ہمہ وقت سماجی خدمت میں متحرک نظرآتے ہیں۔مقررین نے کہاکہ قوت بینائی سے محروم افراد کی بینائی لوٹا کر المصطفیٰ نے وہ کارنامہ انجام دیا ہے جس کی مثال پیش نہیں کی جاسکتی، انہوںنے کہاکہ کسی کی اندھیر زندگی میں روشنی اور نورکاانقلاب لانا انسانی زندگی کا سب سے قیمتی تحفہ ہے جو المصطفیٰ نے سفیدموتیہ کے غریب عوام کو دیا ہے۔