مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام فوری بند کرے ‘ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مسلمانوں کی نسل کشی کا نوٹس لے‘ پاکستان کی قومی کشمیر کمیٹی تحریک آزادی کشمیر کیلئے جاندار کردار ادا کرے

آزاد جموں کشمیر یونین آف جنرنلٹس ضلع باغ کے زیر اہتمام تقریب سے مقررین کا خطاب

جمعرات 12 اکتوبر 2017 16:19

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء) مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام فوری بند کرے ۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مسلمانوں کی نسل کشی کا نوٹس لے ۔ پاکستان کی قومی کشمیر کمیٹی تحریک آزادی کشمیر کے لیے جاندار کردار ادا کرے ۔ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر پر معذرت خواہانہ رویہ ترک کرے ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر ضلع باغ کے صحافیوں کے مسائل فوری حل کرے ۔ ضلع باغ میں صحافیوں کے لیے ہائوسنگ کالونی اور پریس کلب کی عمارت کی تعمیر کے لیے اقدامات کریں ۔ پریس فائونڈیشن کے زیر اہتمام میڈیا کمپلکس باغ میں تعمیر کیا جائے ۔ ممتاز کشمیری دانشور اور ادیب خان زمان مرزا نے مسئلہ کشمیر کو ابلاغی محاذ پر اجاگر کرنے میں جاندار کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

ان کی خدمات صدیوں تک یاد رکھی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار آزاد جموں کشمیر یونین آف جنرنلٹس ضلع باغ کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت یونین آف جنرنلٹس کے صدر سردار طاہر احمد عباسی نے کی۔ جبکہ تقریب سے صدر پریس کلب باغ پرویز الحسن طاہر ، سابق صدر پریس کلب سید افراز گردیزی ، سینئر صحافیوں محمود راتھر ، سردار پرویز مغل ، سیف اللہ شوکت ، پرویز تبسم،ملک شوکت عارف قادری، ، اظہر عباسی ، توصیف شاہ ، عرفان عباسی ، عامر گردیزی ، راجہ عبدالحفیظ ، فریاد کاظمی ، ارشاد شجاع آبادی ، راجہ رزاق ، عبدالغفور غفاری ، توصیف حسین،ظفیر خان اور دیگر نے خطاب کیا۔

اس موقع پرصحافی سید عامر گردیزی نے آزاد جموں کشمیر یونین آف جنرنلٹس میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے وزیر اعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ باغ میں پریس فائونڈیشن کا میڈیا کمپلکس اور صحافتی کالونی اور پریس کلب کی عمارت کی تعمیر کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔ قرارداد میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی زیادتیوں اور سیز فائر لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ۔ قرارداد کے ذریعے برما کے مسلمانوں پر ہونے والی زیادتیوں کی بھی مذمت کی گئی۔ قرار داد کے ذریعے ممتاز دانشور خان زمان مرزا باغ کے تاجر معراج قریشی اور سابق چیئرمین بلدیہ جاویداقبال کی والدہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔