مسلم لیگ کی موجودہ حکومت نظریاتی کارکنوں کی ایڈجسٹمنٹ اور انہیں جائز مقام دینے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ‘ مخلص نظریاتی کارکن جماعت کا قیمتی سرمایہ ہیں‘ تعمیر و ترقی کا راستہ مجھ سے ہو کر جاتا ہے ‘ عوام نے جس بھاری اکثریت سے مجھے انتخابات میں کامیاب کروایا ان کے اعتماد پر کسی بھی قیمت پر ٹھیس نہیں پہنچنے دونگا

آزاد کشمیر کے وزیرجنگلات سردار میر اکبر خان کا تقریب سے خطاب

جمعرات 12 اکتوبر 2017 16:19

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء)وزیرجنگلات سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کی موجودہ حکومت نظریاتی کارکنوں کی ایڈجسٹمنٹ اور انہیں جائز مقام دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ مخلص نظریاتی کارکن جماعت کا قیمتی سرمایا ہیں ۔ تعمیر و ترقی کا راستہ مجھ سے ہو کر جاتا ہے ۔ عوام نے جس بھاری اکثریت سے مجھے انتخابات میں کامیاب کروایا ان کے اعتماد پر کسی بھی قیمت پر ٹھیس نہیں پہنچنے دونگا۔

بہت جلد عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کر کے اپنی کارکردگی بتائوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قادر آباد لوئر گہلاں کے مقام پر متحرک نوجوان سیاسی کارکن سردار مشتاق حفیظ کی رہائش گاہ پر منعقدہ عشائیہ و استقبالیہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کی صدارت مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما الحاج ملک محمد صدیق خان نے کی جبکہ تقریب سے مرکزی رکن زکواة کونسل قاری محمد جاوید شمس ، صدر بار سردار طارق مسعود ایڈووکیٹ ، ملک آفتاب اعوان ، سبیل چغتائی ، قاری رفیق ، پرنسپل مظفرخان ، سردار امتیاز ایوب ، سردار عبدالوحید ، سردار عبدالقدیر ، سید یاور شیرازی ، سردار سفیر انجم ، قاری عرفان آزاد ، قاری محمد علی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

مشتاق حفیظ نے اپنے خطاب میں لوئر گہلاں کے مسائل کا ذکر کیا ۔ اس پر وزیر حکومت سردار میر اکبر خان نے کہا کہ سردار مشتاق حفیظ فعال اور متحرک سیاسی کارکن ہیں ۔ ان کے فعال ہونے پر جماعت اور حکومت کے علاوہ علاقے کا بھی بڑا فائدہ ہو گا۔ انہیں جائز مقام دیا جائے گا۔ قادر جامعہ مسجد تا چھتر آرمی کیمپ پختہ سڑک و حفاظتی دیوار کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔

واٹر سپلائی سکیم اور پختہ راستوں کی تعمیر کے حوالہ سے مقامی کمیٹی جو فیصلہ کرے گی میں ان پر من و عن عمل کرونگا۔ جھوٹے فرضی اعلانات کرنا میرے مزاج میں شامل نہیں ۔ میری نااہلی کے حوالہ سے خوشی کے شادیانے بجانے والے احمقوں کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ۔ اپنی مردہ سیاست کو زندہ رکھنے کے لیے پانی کی پیالی میں طوفان برپا کرنا چاہتے ہیں۔ بہت جلد انہیں آٹے دال کا بھائو معلوم ہو جائے گا۔