پراپرٹی ٹیکس ظالمانہ فیصلہ ہے ‘آزادکشمیر بھر کے تاجر ان اس ظلم کے خلاف ملکر احتجاج کریں گے

راولاکوٹ انجمن تاجران کے صدر سردار عبدالنعیم خان و دیگر کا مشترکہ بیان

جمعرات 12 اکتوبر 2017 16:19

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء) پراپرٹی ٹیکس ظالمانہ فیصلہ ہے آزادکشمیر بھر کے تاجر ان اس ظلم کے خلاف ملکر احتجاج کریں گے ۔حکومت کو یہ فیصلہ اوپس لینا پڑے گا ۔پراپرٹی ٹیکس کا براہ راست اثر تاجران پر پڑتا ہے ۔ انکم ٹیکس جس کی شرح بھی زیادہ ہے اس کی موجودگی میں مزید کوئی ٹیکس ادانہیں کریں گے ۔ان خیالات کااظہا ر راولاکوٹ انجمن تاجران کے صدر سردار عبدالنعیم خان ، سنیئر نائب صدر عمر نذیر کشمیری ، جنرل سیکرٹری مصطفی سعید، چیف آرگنائزر وسیم خورشید، ڈپٹی سیکرٹری جنرل شاہد خورشید، نائب صدر امتیاز رحمت ، خالد محمود خان اور دیگر نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ تاجران پہلے سے ہی حکومتی ظلم کاشکار ہیں ۔ انکم ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں کی مد میں تاجران سے سالانہ کروڑوں روپے وصول کیے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

جبکہ اس کے صلہ میں تاجران کو کوئی سہولت نہیں دی جاتی ۔ انکم ٹیکس کی طر ف سے جاری کردہ این ٹی این نمبر کو ایف بی آر اور سی بی آر والے پوچھتے تک نہیں ۔ آزادکشمیر ایک متنازعہ اور پسماندہ علاقہ ہے اسے ٹیکس فری زون ہونا چاہیے ۔

ریاست کے باقی حصوں گلگت بلتستان اور بھارتی مقبوضہ کشمیر میں کوئی ٹیکس وصول نہیں کیاجا تا جبکہ یہاں پر تاجران کو ہراساں کیاجاتا ہے ۔ہم حکومت آزادکشمیر کو خبر دار کرتے ہیں کہ اس نے جبراًکوئی ظالمانہ ٹیکس وصول کرنے کی کوشش کی تو آزادکشمیر بھر کے تاجران اس ظلم کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں گے ۔ آل آزادکشمیر انجمن تاجران رابطہ کمیٹی اس حوالے سے جو بھی لائحہ عمل دے گی راولاکوٹ انجمن تاجران اس کی بھرپور حمایت کرے گی اور کسی بھی سخت احتجاج اور ہڑتال سے گریز نہیں کیاجائے گا

متعلقہ عنوان :