وادی نیلم کے عوام نے تحریک آزادی میں شاندار کردار ادا کرتے ہوئے بے مثال قربانیاں دی ہیں‘اب وادی نیلم کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت آ گیا ہے‘انہیں وسائل اور ترقی کے عمل میں بھر پور شریک کرنا وقت کی ضرورت ہے

آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان کی عوامی وفود سے بات چیت

جمعرات 12 اکتوبر 2017 15:54

مظفرآباد/نیلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ وادی نیلم کے عوام نے تحریک آزادی میں شاندار کردار ادا کرتے ہوئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔اب وادی نیلم کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت آ گیا ہے۔انہیں وسائل اور ترقی کے عمل میں بھر پور شریک کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وادی نیلم کے ایک روزہ دورہ کے دوران کیرن،دواریاں،لوات،نگدر اور مقامات پر عوامی وفود سے بات چیت چیت کرتے ہوئے کیا۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کا جس جرأت کے ساتھ وادی کے عوام نے مقابلہ کیا ہے اس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔بھارت نے ہمیشہ پانی فرسٹریشن اور غصہ سیز فائر لائن کے نہتے عوام پر اتارا ہے مگر عوام نے صبروحوصلے سے ہر جارحیت کا مقابلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وادی نیلم سیاحوں کی جنت اور حکومت کو اس وادی کو ہنگامی بنیادوں پر سہولیات سے میسر کرنا چاہیئے۔انفراسٹریکچر کے ساتھ ساتھ وادی کے وسائل کا بڑا حصہ بھی اس پر صرف ہونا چاہئے تاکہ خطہ ترقی کی دوڑ میں پوری طرح شریک ہو سکے۔سردار عتیق احمد خان نے مزید کہا کہ نیلم سیاحت کے فروغ کیلئے مسلم کانفرنس نے جن اصلاحات کا آغاز کیا تھا ان میں رتی گلی جھیل تک لنک روڈ شامل تھی مگر یہ ناگفتہ بہ روڈ المیہ ہے۔

مسلم کانفرنس نے ہمیشہ وادی کے عوام کی خوشحالی اور تعمیروترقی کو اپنی پہلی ترجیح بنا رکھا ہے۔اور آئندہ بھی وادی نیلم کو ماڈل علاقہ بنانے کی بھر پور کوشش کریں گے۔صدر مسلم کانفرنس نے اپنے دورے کے دوران وادی نیلم کے تفریح مقامات رتی گلی جھیل کی سیر کی۔اس موقع پر مسلم کانفرنس ضلع مظفرآباد کے صدر پیر سید غلام مرتضیٰ گیلانی،راجہ ثاقت مجید،میر عتیق الرحمن،سردار آفان خان،سید خالد گیلانی اور دیگر کارکنوں ان کے ہمراہ تھے۔اس سے قبل سردار عتیق احمد خان جب نیلم ویلی پہنچے تو ان کا جگہ جگہ استقبال کیا گیا۔