نواز شریف کو بین الاقوامی سازش کے تحت اقتدار سے الگ کیا گیا ‘ بھارت امریکہ اور اسرائیل پاکستان میں ترقی برداشت نہیں کر سکتے ‘4سالوں میں پاکستان میں سی پیک سمیت جتنے ترقیاتی کام ہوئے وہ گزشتہ ساٹھ سالوں میں نہیں ہوسکے

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنماء سیدہ ساجدہ حسین کی صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 12 اکتوبر 2017 15:47

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنماء سیدہ ساجدہ حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف کو ایک بین الاقوامی سازش کے تحت اقتدار سے علحیدہ کیا گیا ، بھارت امریکہ اور اسرائیل پاکستان میں ترقی برداشت نہیں کر سکتے ، گزشتہ چار سالوں میں پاکستان میں سی پیک سمیت جتنے ترقیاتی کام ہوئے وہ گزشتہ ساٹھ سالوں میں نہیں ہوسکے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کی ان کا کہنا تھا کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک میں ترقی ہوئی ہے ، میاں نواز شریف کو اقتدار سے باہر کرنا ایک بین الاقوامی سازش ہے جس میں ہمارے پاکستانی شامل ہیں جو ملک میں ترقی ، امن اور بڑھتی ہوئی معشیت کو برداشت نہیں کر سکتے ، پاکستان دشمن عناصر اتنا یاد رکھ لیں کہ پاکستان میں اب ادارے مضبوط ہوگئے ہیں ،اب انکی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی ، عمران خان اور طاہر القادری خود عدالت کی طرف سے اشتہاری قرار دیے گئے ہیں وہ عدالت میں پیش نہیں ہورہے ہیں میاں نواز شریف نے تو عدالت میں اپنے پورے خاندان کو پیش کر کے یہ ثابت کردیا ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے ،سیدہ ساجدہ حسین نے کہا کہ پاکستانی عوام پنجاب سندھ، خیبر پختون خواہ اور بلوچستان کا موازنہ کرلیں ،2018کے الیکشن میں ایک بار پھر کارکردگی کی بنیاد پر پاکستانی عوام کامیاب کرے گی ،اور پاکستان مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے حکومت بنائے گی اور عوام کی خدمت اور تعمیر و ترقی کا سفر میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں جاری وساری رہے گا۔