مسلمان ہونے کے لیے نعرہ لگانے کی ضرورت نہیں، ترجمان پاک فوج

جمعرات 12 اکتوبر 2017 15:02

مسلمان ہونے کے لیے نعرہ لگانے کی ضرورت نہیں، ترجمان پاک فوج
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ مسلمان ہونے کے لیے نعرہ لگانے کی ضرورت نہیں عمل سے ثابت کریں،مغرب ممالک اوربھارتی بھی بنیادپرست ہیں لیکن ہربنیادپرست دہشت گرداورہر دہشت گردبنیاد پسند نہیں ہوتا،پاکستان میں دہشت گردوں کی، کوئی پناہ گاہ موجود نہیں ہے ،پاکستان اللہ کی طرف سے دنیا کا بہترین ملک ہے،جغرافیائی لحاظ سے دنیا کی معیشت ہم سے وابستہ ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفورجامعہ کراچی پہنچے تو طلبا نے تالیاں بجا کر ڈی جی آئی ایس پی آر کا استقبال کیا۔جامعہ کراچی میں تقریب کے دوران طلبا سے خطاب میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا میری خوش قسمتی ہے کہ جامعہ کراچی آیا ہوں، یہاں آکر لگا کہ خواتین کی یونیورسٹی آیا ہوں تاہم میں نے جامعہ میں طالبات کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ بھی وی سی سے پوچھی۔

(جاری ہے)

سب سے پہلے ہم بنیاد پرستی کے موضوع پر بات کریں گے، بنیاد پرستی کی مختلف اقسام ہوتی ہیں، میں بھی بنیاد پرست ہوں، مغرب ممالک اور بھارتی بھی بنیاد پرست ہیں لیکن ہر بنیاد پرست دہشت گرد نہیں اور ہر دہشت گرد بنیاد پسند نہیں ہوتا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ میں چاہوں گا کہ سب دنیا کو میری نظر سے دیکھیں تو میں بنیاد پرست نہیں انتہا پسند کہلا ئو ں گا، جب میں دوسروں کو اپنے نظریات ماننے پر مجبور کروں تو تشدد پسند یا دہشت گرد کہلا ئو ں گا۔

پاکستان اللہ کا تخلیق کردہ سب سے خوبصورت ملک ہے، جغرافیائی لحاظ سے بھی پاکستان کی اہمیت سب سے زیادہ ہے، کسی بھی ملک کو تباہ کرنے کے لیے اس کی سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا مجھے کسی کو ثبوت نہیں دینا کہ میں مسلمان ہوں، یہ میرا اور اللہ کا معاملہ ہے، مسلمان ہونے کے لیے نعرہ لگانے کی ضرورت نہیں عمل سے ثابت کریں، ہم اسلام کے اصولوں پر عمل کریں تو دنیا ہمیں اسلامی ملک کے طور پر پہچانے گی، اللہ نے دنیا کو ہر نعمت سے نوازہ ہے جب کہ ہر موسم ہر پھل دریا پہاڑ صحرا سب اس ملک میں ہے۔

سویت یونین جب افغانسان آیا تو کہا گیا اس سے اسلام کو خطرہ ہے، امریکا کی مدد سے سوویت کو افغانستان سے نکالا تاہم نائن الیون کے بعد امریکا نے افغانستان پر حملہ کیا، امریکہ سے لڑنے والوں کو وہاں پناہ نہیں ملی تو پاکستان آگئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہم نے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے مکمل کیا، ہم نے مرحلہ وار اپنے علاقوں سے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا اور آج پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی پناہ گاہ موجود نہیں ہے۔