ودھ ہولڈنگ ٹیکس کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ ،ختم کیا جائے‘راجہ وسیم حسن

کاروباری اداروں پر مختلف ٹیکسوں کی موجودگی میں اپنی ہی رقم کے لین دین پر ٹیکس کا جواز نہیں

جمعرات 12 اکتوبر 2017 14:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء)تاجر رہنما وانجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے نائب صدرراجہ وسیم حسن نے کہا ہے کہ ودھ ہولڈنگ ٹیکس کاروباری سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹ کا باعث ہے اور یہ تاجروں پر لٹکتی ہوئی تلوار ہے اسے فی الفور ختم کیا جائے ،انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس ،اور کاروباری اداروں پر مختلف ٹیکس اور بجلی بلوں میں14قسم کے ٹیکسوں کی موجودگی میں بینکوں سے اپنی ہی جمع رقم کے لین دین پر ودھ ہولڈنگ ٹیکس کا کوئی جواز نہ ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راجہ وسیم حسن نے کہا کہ ودھ ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمہ کیلئے تمام تاجر و صنعتکار برادری متفق ہے اور اس کے خاتمہ کا مطالبہ کر رہی ہے ودھ ہولڈنگ ٹیکس کے باعث تاجروں کا بینکوںپر اعتماد ختم ہورہا ہے اور تاجر برادری بینکوں کے متبادل ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں جس کے باعث بینکوں کے ڈیپازٹ میں کمی واقع ہورہی ہے اور بینکوں میں سرمائے کی قلت دور کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک وقتاً فوقتاً بینکوں کو قرضے کی صورت میں سرمایہ فراہم کررہا ہے ۔اس لیے حکومت فی الفور بینکوں سے لین دین میں ودھ ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمہ کا اعلان کرے۔