برآمدات میں کمی تجارتی خسارہ میں اضافہ زرمبادلہ کے ذخائرمیں کمی کا باعث ہے ‘عارف قاسم

برآمدی پیکیج کو بہتر بنایا جائے برآمدکنندگان کے ریفنڈز فوری ادا کیے جائیں،صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے بجلی و گیس کی قیمتیں کم کی جائیں‘ سابق صدربورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ

جمعرات 12 اکتوبر 2017 14:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) تاجر رہنما سابق صدر بورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور عارف قاسم نے کہا ہے کہ برآمدات میں کمی تجارتی خسارہ میں اضافہ زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا باعث ہے جس کے باعث حکومت کو اب بیرونی ایجنسیوں سے بھاری سود پر قرضے حاصل کرنے پڑیں گے ،برآمدات میں مسلسل کمی اور درآمدات کی بڑھتی ہوئی شرح سے صنعتی شعبہ متاثراور مینوفیکچرنگ سیکٹر تباہ ہونے سے کاروباری ادارے بند اور مزدور بے روزگاری کا شکار ہیں ،انہوںنے برآمدات میں اضافہ کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

برآمدی پیکیج کو بہتر بنایا جائے اور برآمد کنندگان کے ریفنڈز کی فوری ادائیگی کی جائے تاکہ برآمدکنندگان سرمائے کی کمی کا شکار نہ ہوں اور برآمدات میں اضافہ کرکے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھا سکیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا عارف قاسم نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے ۔

تاکہ پیداواری لاگت میں کمی سے بیرون ملک پاکستانی اشیاء کی مانگ میں اضافہ اور ملکی برآمدات بڑھ سکیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ برآمدات کو فروغ دینا بھی بہت ضروری ہے حکومت برآمدی شعبہ کو سہولیات دے ، بین الاقومی سطح پر دیگر ممالک سے مقابلہ کیلئے اشیاء کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے اقدامات کرے ، تجارتی پالیسی میں مختص رقم کو بروئے کار لاتے ہوئے نئی منڈیوں کی تلاش اور بیرون ملک صنعتی نمائشوں کا اہتمام کیا جائے تاکہ برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوسکے۔