مسعود اختر نے ہمیں 20برس کی ریاضت کے بعد بڑے تھیٹر کا حصہ بنا دیا

ڈرامہ ’’ دیا جلائے رکھنا ‘‘ کی ریہرسل کے دوران بچوںکے مشہور ڈرامے ’’ عینک والا جن ‘‘کے فنکاروں کا خراج تحسین

جمعرات 12 اکتوبر 2017 13:33

مسعود اختر نے ہمیں 20برس کی ریاضت کے بعد بڑے تھیٹر کا حصہ بنا دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء)سینئر اداکار مسعود اختر نے ہمیں بچوں کے ایکٹر کے ساتھ بڑوں کا ایکٹربھی بنا دیا ہے ۔ یہ بات ڈرامہ ’’ دیا جلائے رکھنا ‘‘ کے فنکاروں نے ریہرسل کے دوران کہی ۔ اداکارہ فریحہ قمر ،عروج فاطمہ اور جمال پاشا نے کہا کہ ہماری ٹیم گزشتہ آٹھ برس سے ہر اتوار کو الحمرا میںبچوں کا ڈرامہ ’’ عینک والا جن ‘‘ کر رہی ہے جو لاکھوں بچے دیکھ چکے ہیںاس دوران ہمیں کسی دوسرے ڈرامہ میں کام کرنے کی پیشکش نہیں ہوئی حالانکہ ہماری ٹیم میں شامل بیشتر فنکار معروف رائٹر اے حمید مرحوم کے پی ٹی وی سے پیش کئے جانے والے ڈرامہ ’’ عینک والا جن ‘‘ کا حصہ بھی رہے ہیں۔

تب وہ شہزادیوں، شہزادوں ، پریوں، جنوں اور بھوتوں کے بچپن کے کردار ادا کرتے تھے ۔

(جاری ہے)

بیس برس کی طویل ریاضت کے بعد اب ہم چھوٹے تھیٹر سے بڑے تھیٹر کا حصہ بن گئے ہیں ۔ ڈائریکٹر مسعود اختر اور مصنف منیر راج کے ڈرامہ ’’ دیا جلائے رکھنا ‘‘ کے دیگر فنکاروں میں حسیب پاشا،جویریہ خان ،کاظم خان ، زویا خان ، طلال حسن ،صفیہ بٹ ،فیصل لاہوری ،فراز علی اور پرویز اسلام شامل ہیں۔ آرگنائزر جاوید زمان خان اور معاون ڈائریکٹر عظیم نور ہیں ۔ یہ فری ڈرامہ 16اور17اگست کو پانچ بجے سے سات بجے تک الحمر اہال IIIمیں پیش کیا جائے گا۔