الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے‘26اکتوبر ..
تازہ ترین : 1
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ ..

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے‘26اکتوبر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 اکتوبر۔2017ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین عدالت کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے عمران خان کو 26 اکتوبر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ امکان ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سابق بانی رکن اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی پٹیشن دائر کی تھی، انہوں نے نومبر 2014 میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ لینے کے معاملے پر بھی ایک درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر رکھی ہے، جس کی سماعت جاری ہے۔اس سے قبل گذشتہ ماہ 14 ستمبر کو الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 25 ستمبر کو دوبارہ طلب کیا تھا۔

تاہم 20 ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے پی ٹی آئی چیئرمین کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے عمران خان کو الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کی ہدایت کی تھی۔تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا کوئی اختیار نہیں، انہوں نے نالائقی کا مظاہرہ کیا ہے اور میں اس اقدام کی سخت مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اپنے اختیارات کا پتہ تک نہیں۔دوسری جانب الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے خلاف فیصلے تعصب کی بنیاد پر ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی سوال یہ ہے کہ عمران خان کے خلاف نوٹسز کس قانون کے تحت جاری کیے گئے، جب تک اختیارِ سماعت کا فیصلہ نہیں ہوتا، جلدی میں جو بھی فیصلے کیے جائیں گے، اس کا مطلب یہی ہے کہ پی ٹی آئی اور عمران خان نشانے پر ہے۔

الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ میں سے سندھ اور پنجاب کے 2 ممبرز نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کی مخالفت کی تاہم 3 ممبرز نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے گز شتہ روز عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جواب نہ کرانے کے بعد فیصلے کا اختیار الیکشن کمیشن کو دے دیا تھا۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 12/10/2017 - 12:44:57

اپنی رائے کا اظہار کریں