گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول جھنگی کی چار دیواری پر کانٹے دار تار کیلئے محکمہ کی جانب سے کوئی فنڈ فراہم نہیں کیا گیا ہے

جمعرات 12 اکتوبر 2017 12:33

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2017ء) گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول جھنگی کی چار دیواری پر کانٹے دار تار کیلئے محکمہ کی جانب سے کوئی فنڈ فراہم نہیں کیا گیا ہے۔ سکول کے دیگر فنڈز سے چاردیوار کے اوپر انگلیرن تو لگوا دیئے تھے تاہم فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث کانٹے دار تار کا کام زیر التواء ہے، ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول جھنگی کی ہیڈ مسٹریس بی بی خاتون نے یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ کانٹے دار سمیت تمام تعمیراتی کاموں کی تجاویز محکمہ کو بھجوا چکی ہوں تاہم محکمہ نے اس مد میں رقم فراہم نہیں کی ہے۔کلاس رومز کم ہونے کے باعث کے جی اور نرسری کو ایک ہی کلاس میں بٹھایا جا رہا ہے، کے جی کلاس میں بچوں کی تعداد 97 تک جا پہنچی ہے، محکمہ ایجوکیشن دوسری منزل پر مزیدکمرے تعمیر کروائے تو کلاسوں میں اضافی طالبات کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

سکول میں ہیڈ مسٹریس کیلئے آفس تک موجود نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں محکمہ کی جانب سے مخصوص فنڈ ملتا ہے جو پہلے سے منظور شدہ منصوبوں پر خرچ کر دیا جاتا ہے، سیکورٹی کی مد میں محکمہ ایجوکیشن نے ایک پائی بھی ہمیں نہیں دی ہے۔ ہیڈ مسٹریس نے بتایا کہ ہمارے سکول کی چار دیواری کی اونچائی پہلے ہی کافی ہے، کسی قسم کے خطرے والی بات نہیں ہے تاہم فنڈز ملنے پر ہم کانٹے دار تار لگوا کر بچیوں کی سیکورٹی کو مزید بہتر بنائیں گے، ہم نے اس سلسلہ میں محکمہ کو دو ماہ قبل اسٹیٹمنٹ بھجوائی تھی تاہم ادارہ کی طرف سے ابھی تک کوئی فنڈ فراہم نہیں کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ سکول میں بچیوں کی تعداد اس وقت 350 سے زائد ہو چکی ہے، سکول میں ان سمیت مجموعی طور پر 9 ٹیچرز بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کر رہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ 2016ء میں سکول کیلئے 10 لاکھ روپے کا فنڈ فراہم کیا گیا تھا جس سے تمام کلاس رومز کے فرشوں کی تعمیر سمیت بائونڈری، پانی کی موٹر اور دیگر تعمیراتی کام مکمل کروائے ہیں۔