ایبٹ آباد یونیورسٹی شعبہ نفسیات کے زیراہتمام ’’ورلڈ مینٹل ڈے‘‘ منایاگیا

اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عذرا شاہین نے دماغی بیماریوں اور مسائل پر روشنی ڈالی، ان کے حل کیلئے تجاویز دیں

جمعرات 12 اکتوبر 2017 12:33

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2017ء) ایبٹ آباد یونیورسٹی شعبہ نفسیات کے زیراہتمام ’’ورلڈ مینٹل ڈے‘‘ منایاگیا، اس سلسلہ میں یونیورسٹی میں شعبہ نفسیات نے پوسٹر کمپٹیشن اور اس دن کی مناسبت سیمینار کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ اسسٹنٹ پروفیسر ویمن میڈیکل کالج ڈاکٹر عذرا شاہین نے دماغی بیماریوں اور مسائل پر روشنی ڈالی اور ان حل کیلئے تجاویز بھی دیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ سائیکالوجی بطور مضمون اس وقت ترقی کر رہا ہے، یہ انتہائی اہم مضمون ہے جس کی ترقی معاشرہ کیلئے انتہائی سود مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ دماغی اور نفسیاتی امراض کی مختلف اقسام ہوتی ہیں اور ایک ماہر نفسیات ہمیشہ زمینی حقائق متاثرہ شخص کا فیملی بیک رائونڈ، معاشی و معاشرتی مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے کسی بھی نفسیاتی طور پر پسماندہ شخص کا علاج کرنے میں اس کی مدد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بیماری تب انسان پر غالب ہوتی ہے، جب وہ اس کے دبائو کو برداشت کرنے کے قابل نہیں رہتا، جب بھی کوئی بیماری انسانی جسم کو لگتی ہے تو اس کی کچھ علامات و اشارے ہوتے ہیں، ہمیں اپنے جسم میں درد محسوس ہوتا ہے، تھکن محسوس ہوتی ہے، اسی طرح دماغی و نفسیاتی مسائل کے حوالہ سے بھی متعدد علامات ہوتی ہیں، علامات کے ظاہر ہونے کے بعد ہم احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہیں۔

اگر بیماری حد سے زیادہ بڑھنے لگے تو پھر ہم ادویات کا استعمال کرتے ہیں۔ اسی طرح دماغی امراض کی علامات بھی ہوتی ہیں جیسے کہ ہم سب کچھ ہونے کے باوجود خوش کیوں نہیں ہیں، سب کچھ ٹھیک ہونے کے باوجود بھی ہمیں کسی چیز کا خوف ہے، ہمیں وہم یا ڈر یا خوف بغیر کسی بھی وجہ کے کیوں ہے، یہ سب علامات ہیں جن سے چھٹکارا ہماری زندگی کو پرسکون اور نفسیاتی و دماغی امراض سے بچا سکتا ہے۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے سیمینار سے خطاب کے دوران کہا کہ کسی بھی دن کو منانے کا مقصد یہی ہوتا ہے کہ ہمیں شعور و آگاہی ملے، ایبٹ آباد یونیورسٹی ہمیشہ مثبت معاشرتی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے، شعبہ نفسیات کی طرف سے ’’مینٹل ڈے‘‘ کی مناسبت سے منعقد کیا جانے والا پروگرام انتہائی معلوماتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ شعبہ نفسیات کے طلبہ کی طرف سے لگائے گئے سٹالز، آگاہی پوسٹرز اور اس دن کی مناسبت سے کی گئی کاوشیں انتہائی حوصلہ افزاء ہیں۔

انہیں انتہائی خوشی ہوئی ہے کہ طلبہ کتاب اور تحقیق کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے سیمینار اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے انعقاد پر شعبہ نفسیات کے اساتذہ وجیہہ یاسر، اسد شاہ، شائستہ اقبال، ام ایمان و دیگر کو خراج تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں وائس چانسلر نے طلبہ کی طرف سے ڈیزائن کئے گئے پوسٹرز اور سٹالز کا معائنہ کیا اور اس حوالہ سے مختلف سوالات بھی کئے۔

متعلقہ عنوان :