اسحاق ڈارکی اہلیہ اور کمپنی کے بینک اکاونٹ کی تفصیلات عدالت کو فراہم

2016 سے اس اکاونٹ میں کوئی ٹرانزیکشن نہیں ہوئی،ایک کے بعد اضافی دستاویز نہیں آسکتیں، وکیل صفائی احتساب عدالت نے نیب کو نئی درخواست کے ساتھ نامکمل دستاویز شامل کرنے کی ہدایت کردی، ڈار کی چوتھی پیشی کے موقع پر بھی سیکیورٹی کے سخت انتظاما ت

جمعرات 12 اکتوبر 2017 11:29

اسحاق ڈارکی اہلیہ اور کمپنی کے بینک اکاونٹ کی تفصیلات عدالت کو فراہم
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت میںنیب کے گواہ طارق جاوید نے اسحاق ڈار کی اہلیہ اور کمپنی ہجویری مضاربہ کے بینک اکاونٹ کی تفصیلات فراہم کر دیں۔ جمعرات کواحتساب عدالت کے جج محمد بشیر آمدن سے زائد اثاثے رکھنے سے متعلق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب کی جانب سے دائر ریفرنس کی سماعت کی ۔

وکیل صفائی خواجہ حارث کا کہنا تھاکہ دوہزار چھ سے اس اکاونٹ میں کوئی ٹرانزیکشن نہیں ہوئی،ایک دستاویز آنے کے بعد اضافی دستاویز نہیں آسکتیں۔ احتساب عدالت نے نیب کو نئی درخواست کے ساتھ نامکمل دستاویز شامل کرنے کی ہدایت کردی۔سماعت پر عدالت نے استغاثہ کے دو گواہان شاہد عزیز اور طارق جاوید کو بیان ریکارڈ کرانے کے لئے طلب کیا تھا۔

(جاری ہے)

شاہد عزیز قومی سرمایہ کاری ٹرسٹ اسلام آباد کے ملازم ہیں جب کہ طارق جاوید لاہور کے نجی بینک میں افسر ہیں۔اسحاق ڈارکی احتساب عدالت میں چوتھی پیشی کے موقع پربھی سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے، عدالت کیاطراف پولیس کی200 اہلکارتعینات ہیں جبکہ عدالت کے گرد راستے بند کر کے صرف ایک داخلی راستہ رکھا گیا ہے۔وزیرخزانہ اسحاق ڈار احتساب عدالت کے روبرو چوتھی مرتبہ پیش ہوئے، اس سے قبل وہ 25 ستمبر، 27 ستمبر اور 4 اکتوبر کو اثاثہ جات ریفرنس کا سامنا کرنے کے لئے پیش ہوئے تھے۔

اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس پر پہلی سماعت 14 اور دوسری 20 ستمبر کو ہوئی اور ان دونوں سماعتوں پر وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔خیال رہے کہ 27 ستمبر کو احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کی تھی تاہم اسحاق ڈار نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے پاناما کیس فیصلے کی روشنی میں نیب نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کیا ہے۔سپریم کورٹ کی آبزرویشن کے مطابق اسحاق ڈار اور ان کے اہل خانہ کے 831 ملین روپے کے اثاثے ہیں جو مختصر مدت میں 91 گنا بڑھے۔

متعلقہ عنوان :